کراچی ایک چھوٹا پاکستان ہے جو بڑے پاکستان کو پالتا ہے، خالد مقبول صدیقی

پاکستان ہمارا ہے اسے بچانا ہے۔ 17سال سے قومی اتفاق رائے سے کراچی کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے وہ آج شکست کھا گئے ہیں


اسٹاف رپورٹر December 20, 2025

کراچی:

وفاقی وزیر تعلیم و تربیت خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کتب ہماری میراث ہے کراچی ایک چھوٹا پاکستان ہے جو بڑے پاکستان کو پالتا ہے۔

یہ بات انہوںے گزشتہ روز کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری پانچ روزہ کراچی ورلڈ بک فیئر میں کہی ۔ وفاقی وزیر تعلیم و تربیت خالد مقبول صدیقی نے اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی کے ہمراہ کراچی ورلڈ بک فیئر کا دورہ کیا۔

 انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 20سال سے دنیا کو بک فیئر کے ذریعے یہ رونق دکھائی جارہی ہے۔ کراچی ایک چھوٹا پاکستان ہے کراچی چلتا ہے تو پاکستان پلتا ہے۔پاکستان ہمارا ہے اسے بچانا ہے۔ 17سال سے قومی اتفاق رائے سے کراچی کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے وہ آج شکست کھا گئے ہیں ، کراچی ورلڈ بک فیئر میں آکر ایمان اور یقین تازہ ہوجاتا ہے۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ اس کتب میلہ نے ثابت کردیا ہے کہ یہ شہر علم و کتب سے محبت کرنے والوں کا شہر ہے۔ کتاب سے دوستی کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنا لوجی کا استعمال ضروری ہے تاہم اس کے باوجود کتب کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کرسکتے۔ کتابیں فرد کی زندگی کی رہنمائی کرتی ہیں۔ اپوزیشن لیڈر علی خورشید ی کا کہنا تھا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ آج کے دور میں کتب کی اہمیت ختم ہوگئی ہے وہ کراچی ورلڈ بک فیئر آکر دیکھیں کہ آگاہی اور علم کے پیاسے آج بھی سیراب ہورہے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی ورلڈ بک فیئر نے کتابوں سے محبت کا ثبوت دیا ہے آج بھی یہ شہر کتابوں سے محبت کرتا ہے۔

مقبول خبریں