بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم مزید سرد

صوبے کے متعدد اضلاع میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے


سردار حمید خان December 21, 2025

کوئٹہ:

مغربی ہواؤں کے ایک طاقتور سلسلے نے بلوچستان کو خوشگوار بارشوں سے نواز دیا ہے، جو طویل خشک سالی کے بعد زراعت، زیر زمین پانی اور ماحول کے لیے اللہ کی رحمت کا سبب بن رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، گزشتہ روز صوبے کے مغربی، وسطی اور شمالی اضلاع میں اچھی بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جن میں قلات میں سب سے زیادہ 29 ملی میٹر، پشین 14، زیارت 13، چمن 10، لورالائی 9 اور کوئٹہ میں 6 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اس کے علاوہ شوڑ اور بارکھان میں 4، پنجگور میں 2 جبکہ دالبندین اور خضدار میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارشوں کا یہ سلسلہ آج شام تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ چاغی، کیچ، گوادر، قلات، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، کوئٹہ، زیارت، ہرنائی، چمن اور ژوب سمیت متعدد اضلاع میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود ہے، جہاں قلات میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری، کوئٹہ میں 8، تربت میں 14، سبی اور چمن میں 8 جبکہ گوادر اور جیوانی میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کوئٹہ میں بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا ہے، تاہم متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے 13 علاقوں میں بجلی کی بندش نے شہریوں کو عارضی مشکلات سے دوچار کیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بارشیں خشک سالی کے اثرات کم کرنے، زیر زمین پانی کی سطح بہتر بنانے اور فصلوں کے لیے نہایت مفید ثابت ہوں گی۔ شہریوں نے بارشوں کو اللہ کی خاص رحمت قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

مقبول خبریں