اسلام آباد:
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما راجا ناصر حنیف سمیت 4 افراد کے قتل کیس میں 12 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے قتل کیس کا فیصلہ جاری کر دیا گیا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عصمت اللہ نے کیس کا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے ملزمان کو دیگر مختلف دفعات کے تحت بھی 16 سال قید کی سزا سنائی جبکہ ملزمان کو جرمانے کی سزا اور معاوضے کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے 3 ملزمان کو عدم شواہد پر باعزت بری کر دیا۔
راجا رضی، سہیل، ساجد الرحمٰن، محب الرحمان، ندیم، سعد، فہد، مہد عباسی کو سزا سنائی گئی جبکہ فہیم عباسی، نادر، فیضان اور محمد حفیظ کو بھی سزا سنائی گئی۔
سزا یافتہ راجا رضی الرحمٰن، سہیل اور ساجد تینوں سگے بھائی ہیں۔ سزا یافتہ ندیم عباسی باپ جبکہ سعد، فہد اور مہد بیٹے ہیں۔
مجرمان نے فائرنگ کر کے 4 افراد راجا ناصر حنیف، ہارون قدیر، عدنان اور عمران کو قتل کیا تھا۔ مقتول راجا ناصر حنیف اور مجرمان کے درمیان خاندانی زمین و جائیداد کا تنازع تھا۔