کراچی:
سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے بھارت کو عبرت ناک شکست دیکر ایشیا کپ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں شاندار فتح پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔
نیا ناظم آباد گراؤنڈ پر منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے دور کے عظیم بیٹسمین اور سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ میں کارکردگی بتدریج بہتری کی جانب مائل ہے، فائنل کے بعد رسمی انداز میں ہاتھ نہ ملاکر اپنے بڑوں کی طرح چھوٹے بھارتی کرکٹر بھی تنقید کا نشانہ بنے، جب ہاتھ نہیں ملانا تھا تو کھیلنے کیوں آئے تھے؟۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ اپنے وزیراعظم نریندر مودی کی وجہ سے ہے، بھارت کو چاہئے کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ کھیلے، سنیل گواسکر سمیت تمام سابق بھارتی کرکٹر سے کہوں گا کہ وہ نریندر مودی کو سمجھائیں۔
جاوید میانداد نے کہا کہ ایشیا کپ انڈر 19 میں بھارت اور پاکستان کا پورا فائنل مقابلہ دیکھا، دوران کھیل ہمارے کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ سخت محنت کی اور کامیابی کو گلے لگایا، یہ جوش اور جذبہ ہی جیت دلاتا ہے۔
صحت کے حوالے سے خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ پیسہ کمانے کی خاطر میری صحت کے حوالے سے جھوٹی خبریں چلائی گئیں، میں نے عوامی آگاہی اور شعور بیدار کرنے کے لیے کیلئے ویڈیو پیغام دیا تھا، میں مکمل طور پر فٹ اور صحت مند ہوں۔
پاکستان کے سابق معروف ٹیسٹ اسپنر اور سابق سلیکٹر توصیف احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی یہ کامیابی ہمیں برسوں تک یاد رہے گی، فائنل میں بھارت کو ہرانے پر بہت خوشی ہے۔
توصیف احمد نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کو کوچ بنانا بہت اچھا فیصلہ ہے لیکن کوچ بنانے کیساتھ سرفراز احمد کو مکمل اختیار بھی دیا جائے، پیرا شوٹرز ادھر ادھر سے آکر کام خراب کرتے ہیں، میری نظر میں سرفراز احمد دوسرا جاوید میانداد ہے، گرائونڈ میں سرفراز احمد کا سخت رویہ کرکٹ اور کرکٹر کی بہتری کیلئے ہوتا ہے، سمیر منہاس مستقبلِ کا روشن ستارہ ہے، جونیئر کھلاڑیوں کو مستقل مواقع ملنے ضروری ہیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پی سی بی کے سابق ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید نے کہا کہ روایتی حریف کو فائنل میں ہرانا بڑی کامیابی رہی، کھلاڑیوں کی محنت اور اچھی کارکردگی سے فتح ملی، اب عالمی کپ کا سوچنا ہوگا، وہاں آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ جیسی مضبوط حریف ٹیموں سے مقابلہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں اچھے نتائج کے لیے ابھی سے تیاریاں کرنی ہوں گی،سرفراز احمد کا کھلاڑیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہو جانا خوش آئند ہے، کوچ کے ایسے رویے اور کردار سے ہمیشہ مثبت نتائج سامنے آتے ہیں،سرفراز احمد پوری ٹیم کے لیے رول ماڈل بنیں گے۔