بھارت کے سابق کپتان روہت شرما نے انکشاف کیا ہے کہ 2023 کے ورلڈ کپ فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ سے متعلق سنجیدگی سے سوچا تھا۔
2023 کے 50 اوور فارمیٹ ورلڈ کپ میں بھارت نے روہت شرما کی کپتانی میں شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے لگاتار نو فتوحات حاصل کیں لیکن فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اتوار کو منعقد ہونے والے ماسٹرز یونین ایونٹ میں روہت شرما کا کہنا تھا کہ 2023 ورلڈ کپ فائنل کے بعد وہ بہت مایوس تھے اور مزید کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتے تھے کیونکہ ان کو ایسا لگتا تھا کہ ان میں اب کچھ باقی نہیں رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ وقت لگا اور وہ خود کو بتاتے رہے کہ اس کھیل سے وہ سچی محبت کرتے ہیں اور وہ اس کو آسانی سے جانے نہیں دے سکتے۔ آہستہ آہستہ انہیں اپنا راستہ اور توانائی واپس مل گئی اور وہ فیلڈ میں پھر فعال ہوگئے۔