دھند کے باعث موٹر وے مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند

سفر سے قبل موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے تازہ صورتحال معلوم کریں، ترجمان موٹر وے


ویب ڈیسک December 22, 2025

لاہور:

شدید دھند کے باعث پنجاب کی اہم موٹرویز مختلف مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ موٹروے ایم تھری لاہور سے درخانہ تک دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے، جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون بھی شدید دھند کے باعث ٹریفک کیلئے بند ہے۔

اسی طرح موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک اور موٹروے ایم فائیو ملتان سے روہڑی تک دھند کے باعث بند کر دی گئی ہیں۔

موٹروے پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر سے قبل موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے تازہ صورتحال معلوم کریں۔

ترجمان کے مطابق دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو چکی ہے جس کے پیش نظر حادثات سے بچاؤ کیلئے موٹرویز عارضی طور پر بند کی گئی ہیں۔

مقبول خبریں