ایشیز: آسٹریلیا کا باکسنگ ڈے ٹیسٹ کیلیے اسکواڈ کا اعلان، دو اہم کھلاڑی باہر

ٹوڈ مرفی نے 7 ٹیسٹ میچز میں 28 کی اوسط سے 22 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں


اسپورٹس ڈیسک December 23, 2025

آسٹریلیا نے ایشیز سیریز کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے آف اسپنر ٹوڈ مرفی اور فاسٹ بولر جھائے رچرڈسن کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

نیتھن لائن کے انجری کے باعث باہر ہونے کے بعد مرفی کو پہلی مرتبہ ہوم ٹیسٹ کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔

نیتھن لائن کو تیسرے ٹیسٹ کے آخری دن باؤنڈری بچانے کی کوشش میں چوٹ لگی تھی، جس کے بعد آسٹریلیا کرکٹ نے تصدیق کی کہ انہیں سرجری کی ضرورت ہوگی۔

حال ہی میں مرفی نے آسٹریلیا اے کی جانب سے انگلینڈ لائنز کے خلاف تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔

انہوں نے 7 ٹیسٹ میچز میں 28 کی اوسط سے 22 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

ادھر اسٹیو اسمتھ کان کے مسئلے سے صحت یاب ہونے کے بعد کپتانی سنبھالیں گے، جبکہ مستقل کپتان پیٹ کمنز مینجمنٹ پلان کے تحت باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں شریک نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا پہلے ہی سیریز میں 0-3  کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر چکا ہے، اس لیے سڈنی ٹیسٹ میں بھی کمنز کی دستیابی مشکوک ہے۔

لائن کی غیر موجودگی میں آسٹریلیا اسپیشلسٹ اسپنر کے بغیر بھی میدان میں اتر سکتا ہے، جیسا کہ انہوں نے اس سیریز کے آغاز میں کیا تھا۔

 

مقبول خبریں