رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی،بھتہ خور جمیل گروپ کے 2 کارندے زخمی حالت میں گرفتار

زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت حماد عرف چیل اور عبداللہ کے ناموں سے کی گئی ،


اسٹاف رپورٹر December 24, 2025
فوٹو: فائل

رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران بھتہ خور جمیل چھانگا گروپ کے 2 کارندوں کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ ، بھتے کی پرچیاں اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ سی آئی اے کی پولیس پارٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد گارڈن سے 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت حماد عرف چیل اور عبداللہ کے ناموں سے کی گئی ، گرفتار ملزمان بھتہ خوری میں ملوث جمیل عرف چھانگا گروپ سے تعلق رکھتے ہیں ، گرفتار ملزمان سے بھتہ کی پرچیاں ، موبائل فون اور اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔

گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ بیرون ملک مقیم بھتہ مافیا کے سرغنہ جمیل چھانگا کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس کے کہنے پر مختلف فیکٹری مالکان ، دکانداروں ، بلڈروں اور ہوٹل مالکان کو بھتے کی پرچیاں دینے ، فائرنگ کرنے اورخوف و ہراس پھیلانے میں ملوث رہے ہیں۔

ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ انہوں نے جہانگیر روڈ پر واقع زیر تعمیر بلڈنگ ، الحیات ہوٹل سولجر بازار جمشید ٹاؤن اور 13 دسمبر کو برج اسٹار نشتر روڈ گارڈن میں بھتہ نہ دینے کی وجہ سے فائرنگ کی جس میں 2 افراد ساجد اور ممتاز زخمی بھی ہوئے تھے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر پر آئی تھی جس میں ملزمان کو فائرنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا گیا تھا ، ملزمان عادی مجرم ہیں اور ان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں بھتہ خوری ، دہشت گردی اور اقدام قتل کے مقدمات درج ہیں ، گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر عمران اور اس کی ٹیم اور رینجرز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مشترکہ کارروائی میں بھتہ خور گروہ کے خطرناک ملزمان کی گرفتاری قابل ستائش ہے۔

ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ جمیل چنگا گروہ سے تعلق رکھنے والے ملزمان کو مقابلے کے بعد گرفتار کرنا بڑی کامیابی ہے، گرفتار ملزمان سے اسلحہ، موٹر سائیکل، موبائل فونز اور بھتہ پرچیاں برآمد ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تاجر، بلڈرز اور ہوٹل مالکان کو ہراساں کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب ہوا ہے۔

مقبول خبریں