پی آئی اے کی نجکاری اچھی بات ہے تاہم کچھ خدشات ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

پی آئی اے کے ملازمین کے مفادات کا تحفظ ہونا چاہیے، مراد علی شاہ


ویب ڈیسک December 25, 2025

کراچی:

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ایک طریقے سے پی آئی اے کی نجکاری اچھی بات ہے تاہم کچھ خدشات ہیں۔

مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین کے مفادات کا تحفظ ہونا چاہیے۔

صحافی کے سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ اسٹیل مل سندھ کی زمین ہے اور یہ بھی سندھ کے پاس واپس ہی آئے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مزار پر حاضری کی سعادت حاصل ہوئی، قائداعظم کے اصول برابری اور قانون کی بالادستی کے لیے رہنما اصول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتا ہوں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پوری دنیا نئے سال میں جا رہی ہے، 2025 کی کامیابیوں کے ساتھ 2026 میں داخل ہو رہے ہیں۔ حکومت قائداعظم کے اصولوں کو اپنائے اور پاکستان بنانے میں جس نے بھی کردار ادا کیا ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔

انہوں نے کہا کہ صدر، وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ بلاول بھٹو ہمارے مستقبل کے ضامن ہیں۔ ہم سب کو ملک کی بہتری کے لیے متحد ہونا چاہیے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جنگی میدان میں بھارت کو واضح شکست دی جبکہ سفارتی و سیاسی محاذ پر بھی شکست دی۔ بھارت کو بڑا غرور تھا لیکن ان کے پروپیگنڈے کو بھی شکست دی۔

انکا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے حق خود ارادیت کے لیے شہادت قبول کی جبکہ اسرائیلی جارحیت میں ہزاروں فلسطینی شہید ہوئے۔ مسلم امہ کے لیےافسوس کا مقام تھا کہ جارحیت روک نہ سکے، عالم اسلام متحد ہو کر مقابلہ کرے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اپنے کوئلے سے بجلی بنے گی، این ای ڈی یونیورسٹی میں ٹیکنالوجی پارک بنا رہے ہیں۔

مقبول خبریں