بالی ووڈ کے لیے سال 2025 بھی ہنگامہ خیز ثابت ہوا جہاں مجموعی طور پر 100 سے زائد فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں دبنگ اداکار سلمان خان کی ’سلطان‘ اور کپل شرما کی ’کس کس کو پیار کرو ٹو‘ سمیت کئی نامور اداکاروں کی زیادہ تر فلاپ ہی ثابت ہوئیں۔
تاہم، باکس آفس پر اکثر فلاپ ہونے والی فلموں کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر جگہ ملی جہاں انہیں پذیرائی ملی اور فلم اچھا بزنس کرنے میں بھی کامیاب رہی جب کہ امسال بھی ’دھرندھر‘ کی طرح پاکستان مخالف پروپیگنڈا فلموں کا راج رہا۔
سب سے پہلے ہم بات کرتے ہیں کراچی کے علاقے لیاری میں ہونے والی ’گینگ وار‘ پر بنائی گئی پروپیگنڈا فلم ’دھرندھر’ کی، بھارتی ہدایت کارآدتیہ دھر کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’دھرندر‘ میں پاکستان اور خاص طور پر لیاری کا منفی چہرہ دکھایا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، فلم میں دکھائے جانے والے کرداروں پر بھی سوشل میڈیا پر خوب تنقید کی گئی جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا، البتہ فلم میں رحمان ڈکیت کا کردار ادا کرنے والے اکشے کھنہ کی اداکاری کی خوب تعریف کی گئی، یہی وجہ ہے کہ فلم 5 دسمبر کو ریلیز ہونے کے باوجود رواں سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شمار ہوچکی ہے۔
دھرندھر
250 کروڑ کے بڑے بجٹ سے بننے والی فلم ’دھرندھر‘ نے اب تک باکس آفس پر 707 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے جب کہ دنیا بھر میں فلم نے مجموعی طور پر 907 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا ہے۔
فلم میں رنویر سنگھ (حمزہ علی مزاری)، اکشے کھنہ (رحمان ڈکیت)، سنجے دت (چوہدری اسلم شہید) اور ارجن رامپال (خفیہ ایجنسی کا افسر) نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
چھاوا
رواں سال بالی ووڈ میں باکس آفس پر سب سے زیادہ کامیاب فلم ’چھاوا‘ ثابت ہوئی جس میں وکی کوشل، رشمیکا مندانا اور اکشے کھنہ مرکزی کردار ادا کیے جب کہ فلم کی ہدایتکاری معروف فلمساز لکشمن اُتیکر نے کی ہے اور یہ میڈاک فلمز کے بینر تلے بنائی گئی ہے۔
چھاوا میں چھترپتی سبھاجی مہاراج کی زندگی کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں، جو چھترپتی شیواجی مہاراج کی موت کے بعد شاہی تخت سنبھالنے کے سفر پر مبنی ہیں۔
14 فروری کو ریلیز ہونے والی یہ فلم 150 کروڑ کے بڑے بجٹ سے بنائی گئی تھی جس نے بھارت میں 716 کروڑ کا بزنس کیا جب کہ دنیا بھر میں یہ فلم 807 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب رہی۔
سیارا
رومانس سے بھرپور فلم ’سیارا‘ نے ریلیز کے ساتھ ہی باکس آفس پر ہلچل مچادی تھی، نئی اور غیر معروف کاسٹ ہونے کے باوجود فلم ابتدائی چند دنوں میں ہی 100 کروڑ کے کلب میں شامل ہوگئی تھی۔
ہدایتکار موہت سوری کی اس فلم میں چنکی پانڈے کے بھتیجے آہان پانڈے اور انیت پڈا نے مرکزی کردار ادا کیے اور حیران کن طور پر یہ دونوں کی ڈیبیو فلم تھی جو بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔
جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر اسکرپٹ جاندار ہو، کردار پُرتاثیر ہو اور ہدایتکاری لاجواب ہو تو بالکل نئے چہروں کے ساتھ بھی فلم باکس آفس پر ہٹ ہوسکتی ہے۔
18 جولائی کو صرف 50 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی فلم نے پہلے ہی روز 29 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا تھا، بھارت میں فلم نے 398 کروڑ کا بزنس کیا جب کہ مجموعی طور پر فلم دنیا بھر سے 570 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔
وار 2
ہریتھک روشن اور ٹائیگر شروف کی 2019 میں ہٹ فلم ’وار‘ کے برعکس اس فلم کے سیکوئل میں بڑے ناموں کے باجوود یہ فلاپ ثابت ہوئی، تاہم باکس آفس پر بالی ووڈ کی دیگر فلموں کے مقابلے میں زیادہ کمانے میں کامیاب رہی۔
ایکشن تھرلر فلم میں ٹائیگر شروف کی جگہ جونیئر این ٹی آر ، ہریتھک روشن کے ساتھ مرکزی کردار میں دکھائی دیے جب کہ کیارا اڈوانی، اشوتوش رانا اور انیل کپور نے بھی اہم کردار ادا کیے، یہ فلم یش راج بینر تلے بننے والے ’سپائے یونیورس‘ کا حصہ ہے جس کی تمام فلمیں دشمنوں سے زیادہ دوستوں کے درمیان ہونے والی جنگوں پر مبنی ہیں۔
فلم ’وار ٹو‘ 400 کروڑ کے بڑے بجٹ سے بنائی گئی تھی اور فلم نے پہلے ہی روز 84 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا لیکن یہ باکس آفس پر اپنے بجٹ کے برعکس زیادہ کامیاب تو نہیں ہوئی لیکن بھارت میں دیگر فلموں کے مقابلے میں اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔
14 اگست 2025 کو ریلیز ہونے والی فلم ’وار ٹو‘ نے بھارت میں 284 کروڑ کا بزنس کیا جب کہ مجموعی طورپر دنیا بھر سے یہ فلم 366 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوئی، بظاہر یہ فلم اپنا بجٹ بھی پورا نہ کرسکی۔
ہاؤس فل 5
وار ٹو کی طرح ہاؤس فل فرنچائز کی پانچویں فلم بھی فلاپ رہی، تاہم فلم کے بڑی بجٹ اور بڑی کاسٹ کی وجہ سے باکس آفس پر دیگر فلموں کی نسبت زیادہ کاروبار کرنے میں کامیاب رہی اور مجموعی طور پر رواں سال کمائی کے اعتبار سے پانچویں نمبر پر رہی۔
6 جون کو ریلیز ہونے والی ہاؤس فل فائیو میں اکشے کمار، ابھیشک بچن، رتیش دیش مک، سنجے دت، بوبی دیول، جیکی شروف، نانا پاٹیکر، چنکی پانڈے، فردین خان ، نرگس فخری، جیکولین فرنانڈس، سونم باجوہ، چترانگدا سنگھ، نورا فتیحی، کرتی کھربندا مختلف کرداروں میں دکھائی دیے۔
250 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی اس فلم نے بھارت میں 219 کروڑ کا بزنس کیا جب کہ مجموعی طور پر یہ فلم دنیا بھر سے 290 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب رہی۔