ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، طلال چوہدری سمیت دیگر کو نوٹسز جاری

این اے 96 فیصل آباد سے ن لیگ کے امیدوار بلال چوہدری کو بھی نوٹس بھجوایا گیا ہے


آمنہ علی January 01, 2026

اسلام آباد:

الیکشن کمیشن نے این اے 96 فیصل آباد اور این اے 185 ڈی جی خان سمیت مختلف حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد سیاسی شخصیات کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

این اے 96 فیصل آباد کے ضمنی انتخاب میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیرِ مملکت داخلہ طلال چوہدری کو نوٹس جاری کیا گیا ہے، جبکہ اسی حلقے سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بلال چوہدری کو بھی نوٹس بھجوا دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن اس کیس کی سماعت 8 جنوری کو صبح 10 بجے کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے یہ نوٹس ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کی رپورٹ کی روشنی میں لیا، جس میں کارنر میٹنگ میں شرکت پر وزیر مملکت اور امیدوار پر 50، 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیے جانے کا ذکر کیا گیا تھا۔

اسی طرح الیکشن کمیشن نے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کے دیگر کیسز کی سماعت کے لیے 13 جنوری کو صبح 10 بجے کی تاریخ مقرر کر دی ہے اور اس سلسلے میں کاز لسٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔

مظفرگڑھ کے حلقہ پی پی 269 سے میاں عالمدار عباس قریشی اور محمد اقبال خان کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جن کے کیس کی سماعت بھی 13 جنوری کو کی جائے گی۔

دوسری جانب این اے 185 ڈی جی خان کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کے خلاف امیدوار سردار دوست محمد کھوسہ کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن 7 جنوری کو اس درخواست پر سماعت کرے گا۔

سردار دوست محمد کھوسہ نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی ہے کہ ان کے مدمقابل امیدوار محمود قادر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جائے اور ضمنی انتخاب کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تمام کیسز کی سماعت مقررہ تاریخوں پر کی جائے گی اور ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

مقبول خبریں