جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وی سی کی مدت ملازمت میں مزید چار سال کی توسیع

پروفیسر امجد سراج میمن کے پہلے 4 سال میں 2 ہزار طالبعلموں نے ایم بی بی ایس،بی ڈی ایس و دیگر پروگرامز میں تعلیم مکمل کی


اسٹاف رپورٹر January 01, 2026

کراچی:

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ان کی مدت ملازمت میں مزید چار سال کی توسیع کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پروفیسر امجد سراج میمن کے پہلے 4 سالہ دور میں 2 ہزار سے زائد طالب علموں نے ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس سمیت دیگر مختلف پروگرامز میں تعلیم مکمل کی جبکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے 10 نئے ایچ ڈی  پروگرامز کی اجازت ملی ان میں فارماسیوٹیکل سائنسز بھی شامل ہیں۔

ان کے دور میں فارماسیوٹیکل سائنسز کے 5 پی ایچ ڈی، بائیو کیمسٹری بزنس مینجمنٹ سائنسس سمیت درجن بھر ایم فل پروگرامز کی بھی اجازت ملی جس کے بعد یونیورسٹی میں بتدریج داخلے بھی شروع کردئیے گئے۔

پروفیسر امجد سراج میمن کے دور میں حال ہی میں پہلی بار آٹزم سینٹر بھی قائم کیاگیا۔ جناح یونیورسٹی کے 2 کیمپس میڈیکل ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ لانڈھی جبکہ اور کلثوم بائی ولیکا نرسنگ میں انسٹی ٹیوٹ کا اضافہ کیا گیا۔

ترجمان جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا کہنا تھا کہ قومی ادارہ برائے اطفال میں ایک بڑی نئی عمارت  بھی تعمیر کی جارہی ہے جہاں آٹزم سینٹر تمام طبی سہولتوں سے آراستہ ہوگا۔ ترجمان نے بتایا کہ جناح اسپتال میں متعدد یونٹس غیر فعال تھے ان یونٹوں کو مکمل فعال کرنے کے لیے فیکلٹی مکمل کرلی گئی ہے۔

اس حوالے جناح یونیورسٹی نے جناح اسپتال کے ساتھ ایک باہمی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس کے تحت یونیورسٹی نے جناح اسپتال کو فیکلٹی فراہم کردی ہے۔

مقبول خبریں