پشاور میں کار سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد، ملزم گرفتار

ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی


ویب ڈیسک January 02, 2026

پشاور:

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق فورس گزشتہ کچھ عرصے سے پشاور اور باڑہ کے علاقوں میں سرگرم منشیات اسمگلروں کے ایک منظم گروہ کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کر رہی تھی۔ یہ گروہ مختلف کیریئرز کے ذریعے پشاور سے ملاکنڈ تک منشیات کی ترسیل میں ملوث تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مصدقہ خفیہ اطلاع پر پشاور میں عبدرہ کرکٹ گراؤنڈ، ریلوے لائن روڈ کے قریب ایک مشکوک سوزوکی مہران گاڑی کو روکا گیا۔ تلاشی کے دوران گاڑی میں موجود لاؤڈ اسپیکر باکس سے مہارت سے چھپائے گئے چرس کے 8 پیکٹس برآمد ہوئے۔

ہر پیکٹ کا وزن 1200 گرام تھا جبکہ برآمد ہونے والی منشیات کا مجموعی وزن 9.6 کلوگرام بتایا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران پشاور سے تعلق رکھنے والے گاڑی کے ڈرائیور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔

اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

مقبول خبریں