بھارت میں محبت کے ایک تنازعے نے دل دہلا دینے والا رخ اختیار کرلیا، جہاں ایک نوجوان نے مبینہ طور پر محبوبہ کے سخت جملے سے دل برداشتہ ہو کر ٹوائلٹ کلینر پی کر اپنی زندگی ختم کرلی۔
یہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں پیش آیا، جس نے اہلِ خانہ کے ساتھ ساتھ سوشل حلقوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لکھنو کا رہائشی 22 سالہ اشکانش طویل عرصے سے ایک لڑکی سے محبت کرتا تھا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان گزشتہ پانچ برسوں سے تعلق تھا، تاہم کچھ عرصے سے لڑکی نے فاصلے بڑھانا شروع کردیے تھے اور بات چیت بھی تقریباً بند ہوچکی تھی۔ اسی صورتحال کے باعث اشکانش شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔
اہلِ خانہ کے مطابق منگل کو اشکانش نے آخری بار لڑکی سے رابطہ کیا اور تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کی، مگر بات آگے نہ بڑھ سکی۔ ایف آئی آر میں درج مؤقف کے مطابق جب اشکانش نے گفتگو کے دوران خودکشی کا ذکر کیا تو مبینہ طور پر لڑکی نے جواب میں کہا ’’مر کر دکھاؤ‘‘۔ یہی جملہ اس افسوسناک واقعے کا نقطۂ آغاز بنا۔
اشکانش کی بھابھی پوجا کی مدعیت میں درج کرائی گئی شکایت کے مطابق نوجوان اس گفتگو کے بعد پریشانی کے عالم میں گھر سے نکل گیا اور قریبی پبلک ٹوائلٹ میں جا کر کلینر پی لیا۔ حالت بگڑنے پر اسے فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود اس کی جان نہ بچ سکی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور اشکانش کا موبائل فون تحویل میں لے لیا گیا ہے تاکہ خودکشی سے قبل ہونے والی گفتگو کی تصدیق کی جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔