دہشت گردی نہیں، صرف عمران خان کوختم کرنےکی باتیں ہیں،‘وزیر اعلیٰ کے پی کا کل کی پریس کانفرنس پر ردعمل

مجھے بہت برا لگا جب کل پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا کو دوبارہ دہشت گردی کی طرف دھکیلا گیا، سہیل آفریدی


ویب ڈیسک January 07, 2026

وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ یہاں نیتوں میں فرق ہے صرف بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ختم کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں، ملٹری آپریشن کے مناظر دیکھ چکے ہیں، دوبارہ ملٹری آپریشن کے مناظر دیکھنا نہیں چاہتے، وزیراعلی آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

پشاور میں منعقدہ کانووکیشن سے وزیراعلی نے اپنے خطاب کا آغاز اس شعر سے کیا کہ میرے ہاتھ میں قلم ہے میرے ذہین میں اجالا، انہوں نے کہا کہ  مجھے امید ہے ڈگری لینے کے بعد صوبے اور ملک کے لیے اپنی خدمات پیش کریں گے، وی سی صاحبہ نے انگلش میں تقریر کی جو مجھے اچھی نہیں لگی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت ہے ہماری قومی زبان اردو ہے تقاریر اردو میں ہوں، میں نے پہلے بھی کہا تھا اب آئندہ مجھے غصہ آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ  ایک مائنڈ سیٹ نہیں چاہتا خیبرپختونخوا ترقی کرے، مجھے بہت برا لگا جب کل پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا کو دوبارہ دہشت گردی کی طرف دھکیلا گیا۔

وزیراعلی  نے کہا کہ بند کمروں کے فیصلے خطرناک ہوتے ہیں، ملٹری آپریشن کی تیاری ہورہی ہے، 22 آپریشن، 14 ہزار ٹارگٹیڈ آپریشن ہوئے،  ہم نے نشاندہی کی دہشت گرد آرہے ہیں، ہم نے رپورٹ دی، اگر آپریشن کرنا ہے تو اعتماد میں لیں،  سیاسی جماعتوں، یہاں کے مشران کو اعتماد میں لیا جائے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ آپریشن سے ہمارے اسکول، اسپتال،  گھر تباہ ہوئے،  ملٹری آپریشن شروع ہونے سے پہلے ایک بھی بھیگ مانگنے والا نہیں تھا، آپریشن، ڈرون اٹیک دھماکوں سے لوگ شہید ہوئے، اپنی عورتوں کو بھیگ مانگتے دیکھ کر شرمندگی ہوتی ہے، ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایک بار پھر قربانی کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں دہشتگردی کو ختم نہیں کیا جارہا، یہاں عمران خان اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں، اگر انہوں نے دہشتگردی کو ختم کرنا ہوتا تو ہمارے ساتھ بیٹھ کر پالیسی بناتے، ہم نے گھر چھوڑے اور ہمیں کہا گیا کہ آپ کو 4 لاکھ روپے ملیں گے لیکن ریاست پاکستان نے آج تک وہ پیسے نہیں دیے۔

انہوں نے کہا کہ ملٹری آپریشن کے مناظر دیکھ چکے ہیں، دوبارہ ملٹری آپریشن کے مناظر دیکھنا نہیں چاہتے،  وزیراعلی آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بھائی آپ کے ساتھ کھڑا ہے، تعلیم بھی دیں گے اور روزگار بھی دیں گے، میری آنکھوں میں آنسو کا قطرہ دیکھیں یہ آپ کے مستقبل کے لیے ہوں گی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ میری آنکھوں میں آنسوں ڈر کی وجہ سے نہیں ہوں گی،  جو باتیں کرتے ہیں خیبر پختونخوا کو پہاڑوں کے دور میں دھکیلا جارہا ہے، انھیں ہم خیبر پختونخوا میں ترقی دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ  بانی چیرمین کا پیغام لیکر کراچی جارہے پیں، سندھ حکومت سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، سندھ تنظیم سے رابطے میں ہیں۔

 

مقبول خبریں