لاہور:
موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث ملک کی مختلف موٹرویز پر ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
آج صبح حد نگاہ میں بہتری کے بعد موٹر وے ایم ون کو صوابی سے برہان ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ پشاور سے صوابی تک تاحال دھن کی وجہ سے بند ہے۔
جبکہ موٹروے ایم 14 ہکلہ سے ڈی آئی خان اور تراپ تا عیسیٰ خیل کے حصے میں بھی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم ٹو دھند کے باعث للّہ سے کوٹ مومن تک بند کر دی گئی ہے، جبکہ مین ٹول پلازہ اسلام آباد سے کلر کہار تک بجانب لاہور ٹریفک معطل ہے۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرویز بند کرنے کا مقصد ممکنہ حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر سے قبل موٹروے پولیس ہیلپ لائن یا ٹریفک صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔