کراچی:
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی کے شہری ای چالان دینے کو تیار ہیں لیکن ہزاروں روپے کے بھاری جرمانے قبول نہیں۔
لیاری میں یوتھ سائیکل ریس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ ای چالان کی رقم پر نظرثانی کی جائے، آپ کو بھاری بھرکم چالان واپس لینا پڑے گا، کراچی میں 40 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں جس پر عوام کا بڑا طبقہ سفر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر کوئی مارکنگ نہیں کوئی زیبرا کراسنگ نہیں، لوگ ڈمپروں اور ٹینکروں کی زد میں آکر مر رہے ہیں، گزشتہ سال 260 افراد حادثات میں جاں بحق ہوگئے، والدین اپنے بچوں کی لاشیں اٹھانے پر مجبور ہیں، اس شہر کا مقدمہ حافظ نعیم الرحمان لڑرہے ہیں۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی کو 5 بسوں کی نہیں 15 ہزار بسوں کی ضرورت ہے، کراچی کو سرکلر ریلوے کی ضرورت ہے، لیاری کو پیرس بنانے کا وعدہ بھی پورا نہیں ہوا، کراچی میں سڑکیں ٹوٹی ہیں اور گٹر بہہ رہے ہیں، ظلم کی بھی حد ہوتی ہے، اہلِ کراچی کو یہ منظور نہیں۔ ہمیں پانی، بجلی، سڑکیں اور اپنا حق چاہئے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ کراچی کے حق کے لیے ہم کردار ادا کرتے رہیں گے، یہاں کے لوگ محنت کرتے ہیں تو یہ صوبہ اور ملک آگے بڑھتا ہے، آپ سے اپنا حق چھین کر لیں گے، جماعت اسلامی کی جدوجہد زندگی کے ہر دائرے میں جاری رہے گی۔