پی آئی اے نے پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے بڑا اقدام کرتے ہوئے انڈونیشیا کی قومی ایئرلائن 'گارودا' سے اہم معاہدہ طے کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے اور گارودا انڈونیشیا کے درمیان کارگو اسپیشل پرو ریٹ ایگریمنٹ پر دستخط کیے گئے ہیں جس سے پاکستانی برآمد کنندگان کو اب عالمی منڈیوں تک بلا تعطل اور آسان رسائی حاصل ہوگی۔
جنوری 2026 سے نافذ العمل ہونے والا یہ معاہدہ جولائی 2027 تک برقرار رہے گا۔ پاکستانی ایکسپورٹرز کارگو جدہ اور کوالالمپور کے ذریعے جکارتہ اور دیگر بین الاقوامی شہروں تک پہنچایا جائے گا۔
اس معاہدے کے تحت سڈنی، میلبورن، سنگاپور، ہانگ کانگ اور بینکاک کے لیے بھی کارگو کی سہولت ملے گی۔ شنگھائی، گوانگزو، سیول اور آسٹریلیا کی مارکیٹوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی آسان ہو جائے گی۔
برآمد کنندگان اور مال بردار ایجنٹس کے لیے مسابقتی نرخ اور ترجیحی بنیادوں پر کارگو کی ترسیل یقینی بنائی گئی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق معاہدے کا مقصد پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور فضائی کارگو کے کاروبار کو آسان اور وسیع بنانا ہے۔