کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ پانچ ملزمان فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق واقعہ شیدی گوٹھ پل کے قریب پیش آیا جہاں شاہ لطیف پولیس نے موٹرسائیکل پر سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا۔
ایس ایس پی ملیر خالق پیرزادہ کے مطابق پولیس کے رکنے کے اشارے پر مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے دوران ایک گولی پولیس اہلکار کے سینے پر لگی تاہم بلیٹ پروف جیکٹ کے باعث اہلکار محفوظ رہا۔
پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کی نیت سے علاقے میں گشت کر رہے تھے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک پسٹل بمعہ ایمونیشن، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کر لی ہے۔ واقعے کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ مزید تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔