کراچی میں گندم اور آٹے کی قیمتوں کا بحران ختم نہ ہوسکا

سرکاری گندم غذائیت سے خالی ہے جسے نئی گندم کے ساتھ مکس کرکے جو آٹا تیار کیا جارہا ہے


احتشام مفتی January 17, 2026

کراچی میں گندم اور آٹے کی قیمتوں کا بحران ختم نہ ہوسکا ہے، فلور ملز ایسوسی ایشن کے چئیرمین عبدالجنید کا کہنا ہے کہ سرکاری گندم غذائیت سے خالی ہے جسے نئی گندم کے ساتھ مکس کرکے جو آٹا تیار کیا جارہا ہے وہ بلحاظ قیمت عوام کی دسترس سے باہر ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے فلور ملوں کو گندم کی ترسیل میں تاخیر نے کراچی میں آٹے کی قیمتوں کو مزید مہنگا کرگیا ہے۔

کراچی کی تھوک وخوردہ مارکیٹوں میں آٹا مزید مہنگا ہونے کے خطرات پیدا ہوگئے۔ عبدالجنید کے مطابق سندھ حکومت سے ملنے والی تین سال کی پرانی گندم غذائیت نہیں رکھتی ہے، سرکاری گندم کو غذائیت کے قابل بنانے کیلئے نئی گندم کی ملاوٹ کی جارہی جس سے پیداواری لاگت اور قیمت میں اضافہ ہورہا ہے۔

کراچی کی فلور ملوں کو سرکاری گندم کی ترسیل بروقت نہ ہونے سے متعلق تفصیلات سے بھی کمشنر کراچی کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ عبدالجنید کے مطابق فلور ملوں  کو گندم کی بروقت ترسیل کیلئے ڈی آئی جی ٹریفک سے بھی اہم ملاقات ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سرکاری گندم وقت پر نہ ملنے سے بھی آٹے کے نرخ مسلسل بڑھ رہے ہیں، پرانی سرکاری گندم کے نرخ 80روپے فی کلوگرام اور اس میں شامل کی جانے والی نئی گندم کی قیمت 110روپے فی کلوگرام ہے لہذا تھوک مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی سستی نہیں ہوسکتی جبکہ ریٹ کا تعین خود ساختہ ہوتا ہے۔

دوسری جانب سے ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین روف ابراہیم کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی آٹے کی قیمتوں کی نئی فہرست کا اجراء اگرچہ  آئندہ ایک سےدو روز میں کریں گے لیکن اوپن مارکیٹ میں گذشتہ 4ماہ کے دوران فی کلوگرام آٹا 55روپے سے بڑھ کر 110روپے کہ سطح پر آگیا ہے۔

سندھ کی گندم کے پی کے اور بلوچستان جارہی ہے لہذا ڈیمانڈ بڑھنے کی صورت میں  اوپن مارکیٹ میں فی کلوگندم 110 سے 125 روپے ہوجائیگی۔

روف ابراہیم کے مطابق کراچی میں فائن آٹے کی قیمت بڑھ کر 145روپے تک پہنچنے کا خدشہ ہے جبکہ کے پی کے میں 160روپے اور بلوچستان میں 155روپے فی کلوگرام تک آٹے کی قیمت پہنچ سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فلور ملز تھوک مارکیٹ کو 90روپے فی کلو کا آٹا 113روپے میں فروخت کررہے ہیں جبکہ تھوک مارکیٹوں میں فی کلو ڈھائی نمبر آٹا 115روپے اور فائن آٹا 120روپے میں مل رہا ہے۔ اسی طرح ریٹیل میں ڈھائی نمبر آٹا 125روپے اور فائن آٹا 130روپے میں فروخت ہورہا ہے، روف ابراہیم کے مطابق کمشنر کراچی نے تھوک میں ڈھائی نمبر آٹا 94روپے اور ریٹیل مارکیٹ میں 98روپے فی کلو مقرر کر رکھا ہے۔

مقبول خبریں