گرین لینڈ تنازع: ٹرمپ کی ٹیرف دھمکی سے عالمی منڈیوں میں بے یقینی کی صورتحال

ماہرین معاشیات کے مطابق اس اعلان سے یورو کرنسی دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے


ویب ڈیسک January 19, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ سے متعلق سخت مؤقف اور یورپی ممالک پر نئے ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی کے بعد عالمی منڈیوں میں ایک بار پھر بے یقینی اور اتار چڑھاؤ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اگر امریکا کو گرین لینڈ خریدنے کی اجازت نہ دی گئی تو وہ یکم فروری سے آٹھ یورپی ممالک کی درآمدات پر 10 فیصد اضافی ٹیرف عائد کریں گے، جو یکم جون سے بڑھا کر 25 فیصد کر دیا جائے گا۔ ان ممالک میں ڈنمارک، ناروے، سویڈن، فرانس، جرمنی، نیدرلینڈز، فن لینڈ اور برطانیہ شامل ہیں۔

ماہرین معاشیات کے مطابق اس اعلان سے یورو کرنسی دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے جبکہ عالمی منڈیوں میں شدید بے چینی دیکھی جا سکتی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر رہی ہے۔

یورپی رہنماؤں نے امریکی صدر کی اس دھمکی پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ یورپی ممالک نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ٹیرف کی دھمکیاں یورپ اور امریکا کے تعلقات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں اور یہ ایک خطرناک تجارتی جنگ کو جنم دے سکتی ہیں۔

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے عندیہ دیا ہے کہ اگر امریکا نے واقعی ٹیرف نافذ کیے تو یورپی یونین امریکا کے خلاف ایک خصوصی اور سخت معاشی ہتھیار استعمال کر سکتی ہے، جو اس سے قبل کبھی استعمال نہیں کیا گیا۔

اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے ان ٹیرف دھمکیوں کو غلطی قرار دیا ہے جبکہ نیدرلینڈز کے وزیر خارجہ نے اسے بلیک میلنگ سے تعبیر کیا۔ برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے بھی امریکی صدر سے جلد بات چیت کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

ناروے کے وزیر اعظم نے خبردار کیا ہے کہ تجارتی جنگ سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا اور تمام فریقوں کو معاملہ سنجیدگی سے حل کرنا چاہیے۔

مقبول خبریں