گلی میں کھیلتی 3 سالہ بچی کے کانوں سے بالیاں نوچ کر  ملزم فرار، فوٹیج سامنے آگئی

فوٹیج میں خوفزدہ بچی کو درد سے روتے اور چلاتے ہوئے کان پر ہاتھ رکھے بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے


صالح مغل January 20, 2026

راولپنڈی:

گلی میں کھیلتی تین سالہ معصوم بچی کے کانوں سے بالیاں نوچ کر ملزم فرار ہوگیا۔ واقعے کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے علاقے اشرف کالونی میں سرقہ بالجبر کی ایک سفاکانہ واردات پیش آئی، جہاں گلی میں کھیلتی تین سالہ معصوم بچی کے کانوں سے سونے کی بالیاں نوچ کر ملزم فرار ہو گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی، جس میں ملزم کو تیزی سے گلی میں گزرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

فوٹیج میں یہ بھی واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم کے پیچھے پیچھے معصوم بچی درد سے روتے اور چلاتے ہوئے ایک ہاتھ کان پر رکھے بھاگتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے والد پرویز کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

واقعے پر سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے سخت نوٹس لیا ہے اور ایس ایس پی آپریشن ملک طارق اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن کو ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو ٹریس کرنے کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

 

مقبول خبریں