پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی فیسٹیول اختتام پذیر

 ایونٹ سے متوقع معاشی اثرات 750 ملین امریکی ڈالر سے زائد بتائے جا رہے ہیں


ویب ڈیسک January 20, 2026

پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی فیسٹیول 750 ملین امریکی ڈالر کے معاشی اثرات کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کا سب سے بڑا ٹیکنالوجی فیسٹیول آئی ٹی سی این ایشیا 2026 ایکسپو سینٹر لاہور میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

ایونٹ سے متوقع معاشی اثرات 750 ملین امریکی ڈالر سے زائد بتائے جا رہے ہیں، جو پاکستان کی ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو مزید مستحکم کرتے ہیں۔ ایونٹ کا انعقاد ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے زیرِ اہتمام کیا گیا، جبکہ ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان بطور پریزینٹنگ پارٹنر شامل ہوا۔

یہ تین روزہ نمائش اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی سرپرستی اور اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی (STZA) کے اسٹریٹجک تعاون سے منعقد ہوئی۔ نمائش میں 800 سے زائد اسٹالز لگائے گئے اور 75 ہزار سے زیادہ شرکاء نے شرکت کی، جن میں غیر ملکی مندوبین، سرمایہ کار اور کاروباری رہنما شامل تھے۔

گلگت بلتستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن اور پریمیئر کیبلز کے درمیان کنیکٹیویٹی میں بہتری کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ ایونٹ کی اسٹریٹجک اہمیت اس وقت مزید اجاگر ہوئی جب چین کے آئی بی آئی انٹرنیشنل گروپ اور ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

آئی ٹی سی این ایشیا 2026 کی ایک نمایاں سرگرمی گلوبل سی آئی ایس او سمٹ رہی، جس میں 50 سے زائد ممالک سے سائبر سیکیورٹی ماہرین نے شرکت کی۔ نمائش میں 3,500 سے زائد عالمی و علاقائی برانڈز نے شرکت کی، جن میں گوگل کروم بک، سام سنگ، ریسیکیورٹی، ہواوے ای کِٹ اور کارننگ شامل تھے۔

مقبول خبریں