گوادر:
اینٹی نارکوٹکس فورس گوادر نے مکران کوسٹل لائن کے قریب پڈی زر، گوادر کے گہرے سمندر میں ایک کشتی سے 300 کلو گرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کرلی۔
اے این ایف ٹیم نے کامیابی سے گہرے سمندر میں تیز رفتار کشتی کو روک کر منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کیا۔
منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کی قیادت دو افراد داؤد مجید گورگیج اور غنی داشتی کر رہے تھے جو گوادَر کے رہائشی ہیں، کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے 300 کلوگرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کی گئی۔
ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ یہ نیٹ ورک پاکستان کے مغربی مکران ساحل سے یمن، خلیجی ریاستوں اور افریقی ممالک تک تیز رفتار کشتیوں کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے میں ملوث تھا۔
گرفتار ملزمان، برآمد شدہ منشیات اور ضبط شدہ تیز رفتار کشتی کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس اسٹیشن اے این ایف گوادَر منتقل کر دیا گیا ہے۔