خواجہ آصف نے 18ویں ترمیم کو گالی دینےکےلیے گل پلازہ آگ کو بہانہ بنایا، نوید قمر کی حکومت پر تنقید 

آج پھر ایک وفاقی وزیر نے اٹھارہویں ترمیم پر سوالات اٹھائے ہیں،  آج پھر آگ کی آڑ میں اٹھارہویں ترمیم پر تنقید کی گئی ہے


ویب ڈیسک January 21, 2026

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید نوید قمر نے کہا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کو گالی دینے کے لئے کراچی گل پلازہ آگ کو بہانہ بنایا گیا، آگ کے معاملے پر اٹھارہویں ترمیم کو کھینچ کر لایا گیا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں  نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے نوید قمر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے اٹھارہویں ترمیم پر کچھ باتیں کی ہیں، پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف کے بیان کو ہم حکومتی پالیسی بیان سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پھر ایک وفاقی وزیر نے اٹھارہویں ترمیم پر سوالات اٹھائے ہیں،  آج پھر آگ کی آڑ میں اٹھارہویں ترمیم پر تنقید کی گئی ہے۔

نوید قمر نے کہا کہ  پاکستان ایک وفاقی ملک ہے، کیا آپ ایک اور نیا تجربہ کرنا چاہتے ہیں، نصاب ساری زندگی جھوٹ کا پلندہ بناکر پڑھایا گیا، تاریخ میں تبدیلیاں کی گئیں،  مضبوط پاکستان مضبوط صوبوں سے بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ  آپ صوبوں کو دیے وسائل بھی واپس لینا چاہتے ہیں، صوبے کیسے صحت و تعلیم کے پیسے کاٹ کر وفاق کو دیں تاکہ وہ قرضے لے سکے اور واپس کرسکے۔

نوید قمر نے کہا کہ کیا آپ ساتھ اور ستر کی دہائی سے نہیں نکلے، اپنی سیاست کے لئے ملک کے مستقبل کو خطرے میں ڈالیں گے۔

مقبول خبریں