ایک انوکھا نظارہ، آج آسمان پر مسکراتا ہوا چہرہ دکھائی دے گا

آج چاند، زحل اور نیپچون ایک خاص ترتیب میں قریب نظر آئیں گے


ویب ڈیسک January 23, 2026

آج رات آسمان ایک دلکش منظر پیش کرنے والا ہے، جہاں چاند، زحل اور نیپچون ایک خاص ترتیب میں قریب نظر آئیں گے اور یوں قدرتی طور پر ایک ’’مسکراتا ہوا چہرہ‘‘ بنتا دکھائی دے گا۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق اسے ٹرپل کنجنکشن کہا جاتا ہے، یعنی ایسا لمحہ جب زمین سے دیکھنے پر کئی فلکی اجسام ایک ہی حصے میں جمع دکھائی دیں، حالانکہ حقیقت میں وہ ایک دوسرے سے لاکھوں کلومیٹر دور ہوتے ہیں۔

یہ خوبصورت فلکی منظر دنیا بھر میں دیکھا جاسکے گا۔ عام آنکھ سے سورج ڈوبنے کے تقریباً تیس سے نوے منٹ بعد چاند اور زحل کو باآسانی پہچانا جاسکتا ہے، جبکہ نیپچون چونکہ خاصا مدھم سیارہ ہے اس لیے اسے دیکھنے کے لیے دوربین یا چھوٹی ٹیلی اسکوپ مددگار ثابت ہوگی۔ یہ موقع زیادہ دیر تک نہیں رہے گا، مگر آسمان سے محبت کرنے والوں کے لیے اسے یادگار بنانے کے لیے کافی ہے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے فلکی مظاہر انسان کو کائنات کی وسعت کا احساس دلاتے ہیں اور یہ یاد دہانی بھی کراتے ہیں کہ ہم کتنے خوش نصیب ہیں جو اپنی ہی زمین سے ایسی نایاب خوبصورتی کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔

اگر موسم صاف ہو تو چند لمحوں کے لیے سر اٹھا کر آسمان کی طرف دیکھنا نہ بھولیے، کیونکہ آج رات کائنات گویا ہمیں مسکرا کر سلام کرنے والی ہے۔

مقبول خبریں