جج کی تنبیہ پر بے وفا شوہر سے معافی مانگنے والی خاتون سلیبریٹی بن گئی

بے وفا شوہر اور اس کی معشوقہ نے خاتون پر ہتک عزت کا مقدمہ کیا تھا


ویب ڈیسک January 23, 2026

جج کی تنبیہ پر بے وفا شوہر اور اس کی معشوقہ سے سرِ عام معافی مانگنے والی چینی خاتون اپنے ملک میں سلیبریٹی بن گئی۔

نیونا نامی خاتون کے علم میں جب یہ بات آئی کہ ان کے شوہر اپنی ساتھی ملازم خاتون کے ساتھ مل کر گزشتہ پانچ برس سے ان کو دھوکا دے رہے ہیں، تو انہوں نے دونوں کا معاشقہ بے نقاب کر کے بدلہ لیا اور ان کے خلاف اکٹھے کیے تمام ثبوت، ان کے نام اور دیگر نجی معلومات سوشل میڈیا پر جاری کر دی۔ جس کے بعد ازاں ان کو نتائج بھگتنے پڑے۔

نیو کے شوہر اور ان کی معشوقہ (جو شادی شدہ ہیں) نے خاتون کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا اور جیت گئے۔ فیصلے میں جج نے خاتون کو بے وفائی کا شکار بننے والی خاتون کو اپنے شوہر اور ان کی معشوقہ سے 15 لگاتار دنوں تک عوامی معافی مانگنے کا حکم دیا لیکن انہوں نے اس سزا کو اپنی جیت میں بدل لیا۔

نیو نے اپنی ویڈیو میں عدالت کا فیصلہ پوسٹ کیا جس میں ان کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس (بائیڈو ٹیئبا اور ڈوئن) معذرت پوسٹ کرنے کا کہا اور پچھلی معذرت ڈیلیٹ یا ہٹائے بغیر یہ عمل کم از کم 15 روز تک جاری رکھنے کا کہا۔ خاتون نے ویڈیو کلپس میں معذرت کی لیکن اس معذرت میں کچھ دلچسپ معلومات بھی شیئر کیں۔

نیو نے ویڈیوز میں اپنے شوہر کی شہ خرچیوں سے متعلق بتایا جو اس نے اپنی معشوقہ کے لیے کیں تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ ان کا شوہر بیٹی کی تعلیم یا قرض کی ادائیگی میں حصہ نہیں ڈالتے۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے شوہر پر گھریلو تشدد کے الزامات بھی عائد کیے۔

اب تک ریلیز کی گئی ویڈیوز لاکھوں ویوز حاصل کر چکی ہیں اور ہر ویڈیو پر 5 لاکھ سے زیادہ لائکس آ چکے ہیں۔

مقبول خبریں