پاکستان پیس بورڈ میں صرف فلسطین میں قیام امن کیلئے شامل ہوا ہے، وفاقی وزیر

اگر آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب پروگرام ہو تبھی پی ٹی آئی اور بھارت پریشان ہوجاتے ہیں، احسن اقبال


محمد الیاس January 25, 2026
فوٹو: فائل

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیس بورڈ میں صرف فلسطین میں قیام امن کے لیے شامل ہوا ہے لیکن اپوزیشن کو اس سے بے حد تکلیف ہے۔

نارووال کے علاقے فتووال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے  وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ مخالفین اپنے جھوٹے الزامات کی سزا خود بھگت رہے ہیں، دوسروں کو چور ڈاکو کہنے والے نے ملکی معیشت پر60 ارب روپے کا ڈاکا ڈالا اور آج 14 سال کی سزا بھگت رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی سیاست میں نفرت کا زہر گھولا، جس نے کبھی ایک یونین کونسل نہیں چلائی اسے ملک کا وزیراعظم بنادیا گیا لیکن اس نے معیشت کا بھٹہ بیٹھا دیا، پی ٹی آئی کی حکومت اتنا خسارہ چھوڑ گئی جس کو سنبھالنا کسی کے لیے بھی مشکل تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا پاکستان کو معیشت کی کامیاب بحالی پر مبارک باد پیش کر رہی ہے، اگر پاکستان دیوالیہ ہوجاتا تو ہم معرکہ حق نہیں جیت سکتے تھے، بھارت کے حملے کا ایسا جواب دیا جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

احسن اقبال نے کہا کہ آج تاریخ آپ کو سچ اور جھوٹ کا فرق دکھا رہی ہے، نوجوانوں کو کٹے اور مرغیوں کے بجائے لیپ ٹاپ دے رہے ہیں، ایک ہزار ماہرین چین بھیجے ہیں تاکہ وہ زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی سیکھ کر وطن واپس آئیں۔

انہوں نے کہا کہ فتوال کو پاکستان میں سب سے زیادہ پھول پیدا کرنے والا علاقہ بنائیں گے، ہم دن رات پاکستان کی خدمت میں مصروف ہیں، پاکستان کے آج برادر ملکوں کے ساتھ مثالی تعلقات ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف کو دنیا بھر میں عزت مل رہی ہے،

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا، پاکستان پیس بورڈ میں صرف فلسطین میں قیام امن کے لیے شامل ہوا ہے جبکہ ادھر بھارت کو اور پاکستان میں اپوزیشن کو اس امر سے بے حد تکلیف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے ساتھ کامیاب پروگرام ہو تب ہی پی ٹی آئی اور بھارت پریشان ہوجاتے ہیں، پی ٹی آئی کی وہی زبان ہے جو ہندوستان کی ہے لیکن پاکستان ترقی کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں بے مثال ترقی ہو رہی ہے، عثمان بزدار کے دور میں حکومت تعویزوں گنڈوں سے چلانے کی کوشش کی گئی۔

مقبول خبریں