عمان کے دارالحکومت مسقط میں فرانسیسی سیاحوں کو سیر و تفریح کے لیے لے جانے والی کشتی الٹ گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کشتی اپنے صاف پانی اور خوبصورت زیر آب ماحول کے لیے مشہور دیمنیات جزائر جا رہی تھی۔
یہ عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام مسقط کے شمال مغرب میں واقع ہے اور دنیا بھر کے غوطہ خوروں کی پسندیدہ جگہ ہے۔
فرانسیسی سیاحوں کی یہ کشتی سلطان قابوس پورٹ سے تقریباً 2.5 سمندری میل (4.6 کلومیٹر) دور الٹ گئی اور تمام افراد کھلے سمندر میں گرگئے۔
عمان پولیس نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں ایک ٹور گائیڈ، ایک کپتان اور 25 فرانسیسی سیاح تھے۔
کشتی الٹنے کے واقعے میں 3 فرانسیسی سیاح ڈوب کر ہلاک ہوگئے جب کہ 4 کی حالت غیر ہوگئی جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
عمان پولیس کے ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ کشتی کے حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
فرانس کی وزارت برائے یورپ و خارجہ امور نے ابھی تک اس حادثے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ جزیرہ نما عرب ملک عمان اپنے خوبصورت پہاڑوں، ساحلی مناظر اور غوطہ خوری کے لیے مشہور ہے جہاں صرف 2024 میں تقریباً 4 لاکھ سیاحوں نے دورہ کیا۔