پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے براڈکاسٹ اور کمنٹری پینل کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
پی سی بی کے مطابق سابق آسٹریلوی ٹیسٹ اوپنر سائمن کیٹچ اس سیریز میں بطور کمنٹیٹر فرائض انجام دیں گے۔ ان کے ساتھ قومی کرکٹ کے معروف نام عامر سہیل، رمیز راجہ، بازید خان اور عروج ممتاز بھی کمنٹری پینل کا حصہ ہوں گے۔
سیریز کے دوران پی سی بی کے پچ سائیڈ اسٹوڈیو کی میزبانی زینب عباس کریں گی جبکہ پری اور پوسٹ میچ شوز میں کرکٹ ماہرین اپنے تجزیے پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز جمعرات سے ہوگا جبکہ دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بالترتیب 31 جنوری اور یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔ سیریز کے تمام میچز شام 4 بجے شروع ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق سیریز کی ہائی ڈیفینیشن براڈکاسٹنگ 28 کیمروں کے ذریعے کی جائے گی جس میں بگی کیم، ہاک آئی اور الٹرا ایج جیسی جدید ٹیکنالوجیز شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ ڈی آر ایس ٹیکنالوجی بھی تینوں میچز میں دستیاب ہوگی۔
پاکستان میں شائقین کرکٹ یہ میچز براہِ راست پی ٹی وی اسپورٹس پر دیکھ سکیں گے۔