باکسنگ کے فروغ کیلئے سابق عالمی چیمپئن عامر خان پاکستان پہنچ گئے

سابق باکسنگ چیمپئن کی گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب سے ملاقات، آئی اے سی کے کانووکیشن میں بھی شرکت کی


زبیر نذیر خان January 30, 2026

ملک میں باکسنگ کے فروغ کیلئے سابق عالمی باکسنگ چیمپئن عامر خان پاکستان پہنچ گئے۔

 پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان نے لاہور میں گورنر ہاؤس کا دورہ کیا اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پنجاب میں باکسنگ کے مستقبل کے مقابلوں اور باکسنگ کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا، باکسنگ کو فروغ دینے اور مستقبل میں پاکستان میں بین الاقوامی معیار کے باکسنگ ایونٹس کی میزبانی کے حوالے سے تعمیری بات چیت کی گئی۔

عامر خان نے گورنر ہاؤس میں منعقدہ پہلے کامیاب باکسنگ ایونٹ کی طرح اعلیٰ سطح ایونٹس کے انعقاد کی خواہش بھی ظاہر کی، عامر خان نے پنجاب میں ایک پروفیشنل باکسنگ اکیڈمی اور تربیتی جم قائم کرنے کے اپنے دیرینہ عزائم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے نچلی سطح پر ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے، منظم تربیت اور نوجوانوں کو مثبت راستے فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

عامر خان نے لاہور میں آئی اے سی کے دوسرے کانووکیشن میں نھی شرکت کی، قبل ازیں پاکستان آمد پر عامر خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، عامر خان دورہ  پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات اور سماجی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔

مقبول خبریں