پاکستان کی معدنی برآمدات میں شاندار اضافہ، معاشی استحکام کی جانب فیصلہ کن پیش رفت

پاکستان سے تانبے کی برآمدات بڑھ کر 1.14 ارب ڈالر تک پہنچ گئی


ویب ڈیسک January 31, 2026

ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے پاکستان کا معدنی شعبہ قومی خوشحالی اور معاشی خود کفالت کا محور بن گیا۔

پاکستان کے معدنی شعبہ نے عالمی صنعتی سپلائی چین میں مضبوط مقام حاصل کرلیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے چین کو معدنی برآمدات میں 2025 کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پاکستان سے تانبے اور تانبے سے بنی مصنوعات کی برآمدات بڑھ کر 1.14 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

ایلومینیم خام کی برآمدات میں 4700 فیصد اضافہ ہوا جس کی بدولت برآمدات 14.16 ملین ڈالر کی بلند سطح پر  پہنچ گئیں، چین کو زنک کی برآمدات 110.90 ملین ڈالر اور کرومائٹ کی برآمدات 89.43 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

چین کی صنعتی ترقی اور گرین انرجی منصوبوں میں پاکستان کے معدنی وسائل کا کردار مسلسل بڑھ رہا ہے، حال ہی میں پاکستان چین معدنی تعاون فورم میں دونوں ممالک نے باہمی صلاحیتوں سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ایس آئی ایف سی کے اصلاحاتی اقدامات اور سی پیک کے  بہتر لاجسٹکس نظام نے برآمدات کو زیادہ قابلِ اعتماد اور مؤثر بنایا، پاکستان ویلیو ایڈیشن اور پراسیسنگ کے بعد معدنی برآمدات کو 3 سے 4 ارب ڈالر تک بڑھانے کی  بھرپورصلاحیت رکھتا ہے۔

ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری سے پاکستان کی معدنی برآمدات مزید مستحکم اور وسیع بنیادوں پر استوار ہو چکی ہیں۔

مقبول خبریں