ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: امریکی اسکواڈ کا اعلان، سابق سری لنکن کھلاڑی جے سوریا بھی شامل

پاکستانی نژاد محمد محسن بھی امریکا کے لیے پہلی بار بین الاقوامی کرکٹ کھیل سکتے ہیں


اسپورٹس ڈیسک January 31, 2026

امریکا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گزشتہ ایڈیشن کے 10 کھلاڑیوں سمیت 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت ایک مرتبہ پھر مونانک پٹیل کریں گے۔

کپتان مونانک پٹیل کے علاوہ جَیسی سنگھ، اینڈریز غوث، ملند کمار، شایان جہانگیر، ہرمیت سنگھ، نوستھش کینجیگے، شیڈلی وان شالکوئک، سوربھ نیتھراوالکر اور علی خان وہ کھلاڑی ہیں جو ایک بار پھر اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

2024 کے ایڈیشن میں اینڈریز غوث نے 219 رنز بنا کر بیٹنگ میں نمایاں کارکردگی دکھائی تھی جبکہ سوربھ نیتھراوالکر 6 وکٹیں لے کر ٹیم کے کامیاب بولر ثابت ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ شبھم رنجانے کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کا موقع ملنے کا امکان ہے، جبکہ پاکستانی نژاد محمد محسن اور سابق سری لنکن آل راؤنڈر شیہان جے سوریا بھی امریکا کے لیے پہلی بار بین الاقوامی کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔

گروپ اے میں شامل امریکا کو گروپ مرحلے میں بھارت، پاکستان، نیدرلینڈز اور نمیبیا کا سامنا ہوگا۔

امریکی ٹیم 7 فروری کو ممبئی میں بھارت کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔

یاد رہے کہ امریکا نے 2024 میں اپنے ڈیبیو ورلڈ کپ میں سپر 8 مرحلے تک رسائی حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔

مقبول خبریں