مشرقی ہمسایہ، خوارج ترقی کے راہ میں کانٹا بننا چاہتے ہیں لیکن دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا، وزیراعظم

ایران میں جو کشیدگی چل رہی تھی، اس حوالے سے پاکستان نے برادرانہ کردار ادا کیا، شہباز شریف


ویب ڈیسک February 04, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا مشرقی ہمسایہ اور خوارج پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے راستے میں کانٹا بننا چاہتے ہیں لیکن ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان نے اپنے دشمن کو ذلت آمیز شکست دی، ہمارے مشرقی ہمسایہ اور دیگر خوارج مل کر پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے راستے میں کانٹا بننا چاہتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا ضرور مکمل خاتمہ ہوگا اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا لیکن یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ کس طرح مزدور وہاں مزدوری کے لیے گئے ہیں، جو ننھے منھے پھول جیسے بچوں اور خواتین کو کس طرح قتل کیا گیا، یہ ایک ایسا الم ناک واقعہ ہے کہ پوری قوم سوگوار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنے پورے عزم کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے اور وہ دن آئے گا کہ یہ قربانیاں رنگ لائیں گی اور اس ملک سے دہشت گردی کا ہمیشہ خاتمہ ہوگا۔

ایران کشیدگی میں برادرانہ کردار ادا کیا، وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا کہ ایران میں جو کشیدگی چل رہی تھی، اس حوالے سے پاکستان نے پورا برادرانہ کردار ادا کیا، میں نے خود، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے مختلف اوقات میں ایرانی قیادت سے بالمشافہ ملاقات ہوئی، ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی اور مختلف جگہوں پر ان سے بات چیت کی اور بھائی کے طور پر جتنا کردار ادا کیا جاسکتا ہے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس میں قطر، ترکیہ، مصر، عمان اور سعودی عرب سمیت مسلمان ممالک شامل ہیں اور پوری کوشش ہے کہ بات چیت کے ذریعے ایک ایسا راستہ نکل آئے تاکہ خطے میں جو خطرات منڈھلا رہے ہیں وہ ختم ہوجائیں اور خطے میں دیرپاامن قائم ہوجائے۔

کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کا پیغام دیں گے

وزیراعظم نے کہا کہ 5 فروری یوم یک جہتی کشمیر پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ان کی عظیم تحریکیں، قربانیوں کے ساتھ پشاور سے لے کر کراچی تک مکمل طور پر اظہار یک جہتی کرے گی اور مختلف شہروں میں اپنے اپنے انداز میں کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کی والہانہ وابستگی کا اظہار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں خود اپنے ساتھیوں کے ساتھ کل آزاد کشمیر جاؤں گا اور پوری قوم کی طرف سے بھرپور یک جہتی کا پیغام دیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے مفید ملاقات ہوئی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سے بڑی اچھی گفتگو ہوئی، میں نے ان کو جس دن ان کا انتخاب ہوا تھا اسی دن فون کرکے کہا تھا کہ وفاق آپ کے ساتھ پوری طرح تعاون کرے گا چاہے آپ کا تعلق کسی بھی جماعت ہو وہ بعد کی بات ہے اور پہلے پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ان سے کہا کہ آپ پاکستان کے ایک انتہائی اہم، خوب صورت اور ایک ایسے صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں جہاں لوگ بڑے عظیم پاکستانی ہیں، دلیر اور بہادر لوگ ہیں اور انہوں نے پاکستان کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ اسی حوالے سے 2010 کے این ایف سی ایوارڈ ایک فیصد رکھا تاکہ دہشت گردی کے معاملات آپ سمیٹ سکیں، فرانزک لیب، سی ٹی ڈی، سیف سٹی، پولیس کی تربیت ہے اور ان کو بتایا کہ ان برسوں میں این ایف سی کے تحت آپ کو 800 ارب روپے دیے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہاں اس حوالے سے جو کچھ ہوا وہ آپ کے سامنے ہے، ابھی تک وہاں سیف سٹی نہیں بن سکا تو انہوں نے کہا کہ اب مکمل ہوا چاہتا ہے تو میں نے کہا چلو دیرآید درست آید۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کچھ باتیں کیں کچھ ادائیگیوں میں تاخیر ہے تو میں نے فوری طور پر احسن اقبال، وزیرخزانہ اور سیکریٹری خزانہ کے ذمے لگایا کہ وہ ان سے ملاقات کریں اور جہاں ادائیگیوں میں تاخیر ہے وہ فوری طور پر ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان سے کہا ہمیں آپ دوسرے صوبوں کی طرح اتنی ہی پیارے ہیں اور ان سے اچھی نشست ہوئی ہے اور امید کرنی چاہیے کہ معاملہ آگے بڑھے گا۔

بھارت سے میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے ہم نے بڑا واضح اسٹینڈ لیا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ ہم نہیں کھیلیں گے کیونکہ پاکستان نے کہا یہ کھیل کا میدان ہے سیاست کا میدان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدان میں سیاست بالکل نہیں ہونی چاہیے، ہم نے بڑا سوچ سمجھ کر اسٹینڈ لیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اس حوالے سے بنگلہ دیش کے ساتھ پوری طرح کھڑے ہونا چاہیے اور یہ بہت مناسب فیصلہ ہے۔

قازقستان کے صدر نے دورے کی دعوت دی ہے

وزیراعظم نے کہا کہ آج قازقستان کے صدر تشریف لائے ہوئے ہیں، ان سے ہماری صبح سے بڑی اچھی ملاقاتیں ہوئی ہیں اور بڑی گرم جوشی سے انہوں نے ہر فورم پر اپنا مؤقف بیان کیا ہے، پاکستان کے ساتھ بھرپور دوستی اور عزم کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہم نے ایک ارب ڈالر تجارت کا ہدف حاصل کرنے کا فیصلہ کیا، مجھے انہوں نے تیسری مرتبہ اسی سال قازقستان دورے کی دعوت دی ہے، اس کے نتیجے میں ہم نے ایک ورکنگ گروپ بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم 5 سالہ منصوبہ بنائیں گے، جس میں اقتصادی، اسٹریٹجک، تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی اور اے آئی میں وہ بہت کام کر رہے ہیں تو احسن اقبال ہماری ٹیم کے لیڈر ہوں گے وہاں سے نائب وزیراعظم کو سربراہ مقرر کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مجھے بڑی امید ہے کہ قازقستان کے ساتھ ہماری معاشی تعلقات بڑی تیزی سے آگے بڑھیں گے۔

ازبکستان کے صدر کل آرہے ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کل ازبکستان کے صدر تشریف لا رہے ہیں، میں جب تاشقند گیا تھا وہ بہت پرعزم تھے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات بڑھانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ازبکستان کے لیے ہارون اختر کو ذمہ داری دی ہے اب دیکھتے ہیں تاشقند میں ہماری ملاقات کے بعد ہارون اختر صاحب نے کتنا کام کیا لیکن مجھے امید ہے ہارون اختر اور ان کی پوری ٹیم نے اس پر بڑی محنت کی ہوگی اور ان کا دورہ پاکستان اور ازبکستان کے برادرانہ اور اقتصادی تعلقات میں بڑا بھرپور ثابت ہوگا۔

مقبول خبریں