پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اسلام آباد کی امام بارگاہ میں دھماکے کے بعد حکومت سے واقعے کی فوری شفاف تحقیقات اور مجرموں سمیت سہولت کاروں کو قانون کی گرفتار میں لانے سمیت عبادت گاہوں کے تحفظ کیلیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں امام بارگاہ و مسجد میں دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت، دین اور قومی ضمیر پر حملہ ہے۔
ترجمان بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی پی چیئرمین نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد میں خودکش بم دھماکے پر کہا کہ کوئی مذہب یا نظریہ معصوم انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اپنی تمام صورتوں میں پاکستان کی وحدت اور اقدار پر حملہ ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں، مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور حکومت ملک بھر میں عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنائے۔
انہوں نے زور دیا کہ نے کہا کہ قوم کو نفرت، انتہاپسندی، اور دہشتگردی کے خلاف متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔