عازمین حج کیلیے بائیو میٹرک کی ڈیڈ لائن سامنے آگئی

بائیو میٹرک نہ کروانے والے عازمین کے حج ویزہ نہیں لگیں گے، ترجمان وزارت مذہبی امور


ویب ڈیسک February 06, 2026

ترجمان وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ سعودی ایپ کی مدد سے بائیو میٹرک تصدیق 8 فروری تک لازمی کروالیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کیلیے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ سعودی ویزا بائیو ایپ سے بائیو میٹرک مکمل کرنے کے لیے ڈیڈ لائن آٹھ فروری 2026 ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عازمین حج موبائل ایپ "سعودی ویزا بائیو" کے ذریعے گھر بیٹھے فنگر پرنٹ مکمل کریں جبکہ عازمین کی سہولت کے لیے تاشیر سینٹرز بھی ہفتہ اور اتوار صبح نو سے شام پانچ بجے تک کھلے رہیں گے۔

وزارت مذہبی امور نے مشورہ دیا ہے کہ عازمین رش سے بچنے کے لیے سعودی ویزا بائیو ایپ سے ہی فنگر پرنٹس مکمل کریں جبکہ 80 سال سے زائد عمر کے افراد کو بائیو میٹرک کی چھوٹ حاصل ہے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ بائیو میٹرک کے بغیر حج ویزا نہیں لگے گا۔ 

مقبول خبریں