ایف بی آر نے ٹیکس نہ دینے پر مصباح الحق کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے

مصباح الحق پر انکم ٹیکس کی مد میں 39 لاکھ 11 ہزار جبکہ اظہر علی پر 62 ہزار روپے واجب الادا ہیں


ویب ڈیسک October 14, 2014
ایف بی آر دونوں کرکٹر کے بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرکے انکم ٹیکس کی ریکوری کرے گا، فوٹو؛ فائل

فیڈرل بورڈ ریونیو نے انکم ٹیکس کی عدم ادائیگی پر قومی کرکٹر مصباح الحق اور اظہر علی کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کو انکم ٹیکس کی ادائیگی کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے تھے جس کے مطابق مصباح الحق پر سال 2010 کے انکم ٹیکس کی مد میں 39 لاکھ 11 ہزار روپے جبکہ اظہر علی پر 62 ہزار روپے واجب الادا ہیں تاہم دونوں کرکٹر کی جانب سے نوٹس کے باوجود ٹیکس کی عدم ادائیگی پر ان کے بینک اکاؤنٹس کو منجمد کردیا گیا ہے جس میں مصباح الحق کے 2 اکاؤنٹس کو منجمد کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ ایف بی آر دونوں کرکٹر کے بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرکے انکم ٹیکس کی ریکوری کرے گا۔

واضح رہے کہ کپتان مصباح الحق اور اظہر علی نے چند ماہ قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بھی اس معاملے پر ملاقات کی تھی جس کے بعد ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس کی ادائیگی کے لیے جاری نوٹس کو واپس لے لیا گیا تھا اور وزیرخزانہ نے دونوں کرکٹر کو معاملے پر تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔

مقبول خبریں