کراچی فائرنگ سے مذہبی سیاسی کارکنوں سمیت 4 افراد ہلاک

نیپئر کے علاقے چاکی واڑہ روڈ سے 25 سالہ نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی جس کے ہاتھ پشت پر بندھے ہوئے تھے۔


Staff Reporter November 18, 2014
پولیس نے کورنگی ناصر جمپ کے قریب درگاہ میں گھس کر فائرنگ کرنے والے 2 ملزما ن کے خاکے جاری کردیے، فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں مذہبی، سیاسی کارکنوں سمیت4افراد ہلاک ہوگئے، ایک لاش ملی، سر جانی ٹاؤن میں فائرنگ سے متحدہ کا کارکن زخمی ہوگیا۔

پیرآباد تھانے کے علاقے کواری کالونی میں واقعے مدینہ مسجد کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے موٹر سائیکل سوارکو زخمی کردیا اور فرار ہو گیا، زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پیر آباد پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت35 سالہ شفیع اﷲ کے نام سے کر لی گئی اور مقتولMPR کالونی کا رہائشی تھا اور علاقے میں قائم البدر مدرسے میں بچوں کو دینی تعلیم دیتا تھا۔

اہلسنّت و الجماعت کے ترجمان امیر معاویہ نے بتایا کہ مقتول شفیع اﷲ کا تعلق اہلسنّت و الجماعت سے تھا اور وہ ایم پی آر کالونی یونٹ کا نائب صدر تھا، مقتول ڈی سی آفس کے قریب واقع مسجد میں نماز بھی پڑھاتا تھا اور نماز پڑھا کر واپس ایم پی آر کالونی میں واقع اپنی رہائش گاہ جا رہا تھا کہ نشانہ بنا دیا گیا، ترجمان نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی۔اتوار اور پیر کی درمیانی شب سائٹ اے کے علاقے بنارس پل ملنگ ہوٹل کے قریب30 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، ایس ایچ او سائٹ اے فصیح الزمان نے ایکسپریس کو بتایا کہ شبہ ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص نشے کا عادی تھا اور اس کی موت نشے کی زیادتی کے باعث ہوئی۔

سرجانی ٹاؤن کے علاقے اﷲ والی مسجد نیو کراچی کے قریب نامعلوم ملزمان نے موٹر سائیکل سوار شخص پر فائرنگ کردی اور فرار ہو گئے، موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، ایس ایچ او سر جانی ٹاون بشیر وٹو نے ایکسپریس کو بتایا کہ زخمی کی شناخت 30 سالہ محمد ناصر کے نام سے ہوئی ہے، وہ لائنز ایریا کا رہائشی اور متحدہ قومی موومنٹ کا رکن ہے، فائرنگ سے بچنے کیلیے محمد ناصر اپنی موٹر سائیکل سڑک پر چھوڑکر بھاگ رہا تھاکہ ملزمان نے تعاقب کیااور مزید فائرنگ کی۔

نیپئر کے علاقے چاکی واڑہ روڈ سے 25 سالہ نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی جس کے ہاتھ پشت پر بندھے ہوئے تھے، ایس ایچ او تھانہ نیپیئراعظم خان کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت شہروز کے نام سے ہوئی جو کلاکوٹ کے علاقے نور الہی روڈ کا رہائشی تھا ، مقتول کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلے میں رسی کا پھندا لگا کر قتل کردیا اور لاش پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول لیاری گینگ وار شیراز کامریڈ گروپ کے لیے پہلے اجرت پر کام کرتا تھا تاہم بعدازاں ان سے لاتعلقی کے بعد وہ چاکی واڑہ روڈ پر واقع کوثر پٹرول پمپ پر چوکیداری کرتا تھا اور لاش بھی پمپ کے قریب سے ملی تھی۔

دریں اثنا ایسٹ زون انویسٹی گیشن پولیس نے 23 اگست کو زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی ناصر جمپ کے قریب درگاہ میں گھس کر فائرنگ کرنے والے 2 ملزما ن کے خاکے جاری کردیے ، ملزمان کی فائرنگ سے متولی ذاکر حسین، یونس اور نواز جاں بحق ہوئے تھے جس کا مقدمہ پولیس نے متولی کے بیٹے زاہد کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا تھا۔ بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں ایک ہفتے قبل فائرنگ سے زخمی ہونے والے پیپلز پارٹی کے علاقائی عہدے دار نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا، نماز جنازہ میں پیپلز پارٹی کے کسی بھی رہنما اور علاقائی عہدے دار نے شرکت نہیں کی جس کے باعث کارکنان میں شدید مایوسی پھیل گئی۔


بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں رہائش پذیر پیپلز پارٹی کے سینئر علاقائی رہنما 45 سالہ چچا شفیق کو نامعلوم ملزمان نے 9 نومبر کو گھر کے باہر فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا جنھیں انتہائی تشویشناک حالت میں شیریں جناح کالونی میں واقع نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ پیر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، مقتول بلدیہ اتحاد ٹاؤن یونین کونسل نمبر 2 کے علاقائی عہدے دار اور انسداد پولیو مہم کے دوران فعال کردار ادا کرتے تھے، مقتول کی نماز جنازہ پیر کو بعد نماز عصر گھر کے قریب واقع جامع مسجد عثمان میں ادا کی گئی بعدازاں انھیں بلدیہ ٹاؤن 9 نمبر قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، نماز جنازہ میں سندھ کونسل کے ممبر لیاقت علی اور پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل کے میڈیا کوآرڈینیٹر سید بابر علی شاہ اور شہزاد قادری کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مقتول 2 بچوں کے باپ تھے۔

قائد آباد کے علاقے لانڈھی دائود چورنگی کے قریب مسافر کوچ میں ڈکیتی میں مزاحمت پر مسلح ملزم کی فائرنگ سے بس کنڈیکٹر30 سالہ عدنان زخمی ہو گیا۔رات گئے گارڈن کے علاقے رامسوامی بند پیٹرول پمپ والی گلی میں واقع عمارت کے باہر بیٹھے ہوئے نوجوان کو موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی عمر 25 سال کے قریب ہے جبکہ فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں