ملک کے کسی حصے میں دہشتگردوں کو چھپنے نہیں دیں گے وزیراعظم

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں اور ہمیں اس جنگ کو ہرصورت جیتنا ہے، وزیراعظم نوازشریف


ویب ڈیسک January 21, 2015
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ، وزیر دفاع، چاروں صوبوں کے وزراء اعلی اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت دیگرحکام نے شرکت کی۔ فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے انسداد دہشتگردی کے قومی لائحہ عمل پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا اور ملک میں کسی بھی جگہ دہشتگردوں کو چھپنے نہیں دیں گے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ، وزیر دفاع، چاروں صوبوں کے وزراء اعلی، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر سمیت دیگرحکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے قومی لائحہ عمل سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور شرکا نے دہشتگردی اور دہشتگردوں کو ملک سے خاتمے کے حوالے سے ایک بار پر بھرپور عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ انسداد دہشتگردی کے قومی لائحہ عمل کی تمام جماعتوں نے اتفاق رائے سے منظوردی اور اب وقت آگیا ہے کہ صوبے ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں اور ہمیں اس جنگ کو ہرصورت جیتنا ہے اس لئے صوبوں کو قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد ہرصورت یقینی بنانا ہوگا۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وفاق صوبوں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرے گا، ہم ناصرف دہشتگردوں بلکہ ان کے معاونین کے خلاف بھی کارروائی کر رہے ہیں جبکہ فوجی عدالتوں میں چلائے جانے والے مقدمات کا جائزہ لیا جارہا ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم اور قیادت متحد ہے اس لئے دہشتگردوں کو ملک کے کسی بھی حصے میں چھپنے کی جگہ نہیں دیں گے۔

 

مقبول خبریں