کرپشن کیسز جلد نمٹانے کے لیے نیب اور ایس ای سی پی کی مشترکہ فورس بنانے کا فیصلہ

فورس میں سینئرافسران شامل ہوں گے،خزانے کونقصان پہنچانے والوں کوسزا دلاکر رہیں گے، نیب


APP/Numainda Express May 09, 2015
مشترکہ ٹاسک فورس نیب اورایس ای سی پی کے سینئرافسران پرمشتمل ہوگی۔ فوٹو: فائل

ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے چیئرمین نیب کے عزم کے مطابق قومی احتساب بیورو اورسیکیورٹیز اینڈایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ایک مشترکہ ٹاسک فورس قائم کرنے کافیصلہ کیاہے تاکہ ایس ای سی پی کی جانب سے نیب کوریفر کیے گئے کرپشن کے کیسزپر تیزی سے کام کیاجا سکے۔

مشترکہ ٹاسک فورس نیب اورایس ای سی پی کے سینئرافسران پرمشتمل ہوگی جوسرمایہ کاروں کی رقوم کی وصولی کے لیے ترجیحی بنیادوں پرکام کرنے کے لیے سیکیورٹیزاینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے بھیجے ہوئے اسٹاک ایکسچینجوں کے بروکرہائوسز کی انتظامیہ، ڈائریکٹرز اوراسپانسر کے تمام کرپشن کیسزکی تحقیقات وتفتیش کرے گی جنھوں نے دھوکے، فراڈاور خوردبرد کے ذریعے لوٹ مارکی۔ نیب ہیڈکوارٹرز میں مشترکہ ٹاسک فورس کی تشکیل اورپیشہ ورانہ فرائض کی زیادہ ہم آہنگی کے لیے ایس ای سی پی کے 2سینئر افسران،ماہرین اورنیب کے فنانشل کرائمزانویسٹی گیشن ونگ اورآپریشن وپراسیکیوشن ونگ سے سینئرافسران کوٹاسک فورس میں شامل کیاجائے گا۔

نیب نے قانون کے مطابق سیکیورٹیز ایکسچینجز کمیشن آف پاکستان کے زیرالتوا کیسزکو جلدنمٹانے، سرمایہ کاروں کے اعتمادکی بحالی اور عوام اورقومی خزانے کونقصان پہنچانے والے ملزمان کوسزا دینے کا بھرپور یقین دلایاہے۔

 

مقبول خبریں