کلیم اللہ امریکی فٹبال لیگ میں بھی حصہ لیں گے

کلیم اللہ لیگ کے دوران امریکی کلب کو جوائن کریں گے اس لیے انھیں اس سیزن کیلیے15 نمبر کی جرسی دی جائے گی۔


Sports Reporter June 20, 2015
کلیم اللہ لیگ کے دوران امریکی کلب کو جوائن کریں گے اس لیے انھیں اس سیزن کیلیے15 نمبر کی جرسی دی جائے گی۔ فوٹو: فائل

پاکستانی فٹبال اسٹار کلیم اللہ امریکی لیگ میں بھی حصہ لیں گے، اسٹرائیکر نے سیکرامینٹوری پبلک ایف سی حکام کو طویل ٹرائلزکے بعد معاہدے کیلیے مطمئن کردیا، وہ امریکا میں لیگ کھیلنے والے پہلے پاکستانی فٹبالر بن جائیں گے۔

ملکی فٹبال حلقوں میں ''پاکستانی میسی'' کہلانے والے کلیم اللہ گذشتہ ایک ماہ سے امریکا میں مقیم ہیں، وہاں انھوں نے یو ایس ایل کے چیمپئن کلب سیکرامینٹو ری پبلک ایف سی کو مختلف ٹرائلز دیے، جس کے بعد کلب نے کلیم اللہ کی صلاحیتوں سے متاثر ہوکر ان سے موجودہ سیزن کے بقیہ 15میچز کھیلنے کا معاہدہ کرلیا،کلیم اللہ اگلے 4ماہ تک اس کلب کی جانب سے ایکشن میں ہوں گے جس کے ساتھ وہ امریکی لیگ میں حصہ لینے والے پہلے پاکستانی فٹبالر بن جائیں گے۔ ونگر کی پوزیشن پر کھیلنے والے اسٹائلش کھلاڑی کو 2014 میں کرغزستان پریمیئر فٹبال لیگ میں اپنی ٹیم بشیک کو ٹائٹل جتوانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ چمن میں پیدا ہونے والے کلیم نے 17 میچز میں 16 گول کر کے گولڈن بوٹ کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

انھیں 2015 سیزن میں کرغزستان میں سال کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا، جب کلیم اللہ نے گذشتہ سال ایک کروڑ روپے کا معاہدہ کیا تو وہ کرغزستان کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے۔22 سالہ کلیم اللہ سابق پاکستانی فٹبال ٹیم کے کپتان محمد عیسیٰ کے کزن ہیں،انھوں نے ڈومیسٹک لیگ میں ینگ افغان فٹبال کلب اور خان ریسرچ لیبارٹریز سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔پاکستانی کپتان نے سینئر سطح پر بھی کے آر ایل کے ساتھ کیریئر جاری رکھا اور پاکستان پریمیئر لیگ میں 94 میچزکے دوران 72 گول کیے۔

2013 کے پی پی ایل سیزن میں کلیم اللہ نے ہیٹ ٹرک سمیت 31 گول داغے جس کے صلے میں انھیں 2014 میں پاکستانی ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی۔ وہ اب تک قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 25 میچز میں چار گول کر چکے ہیں۔ ساکرامینٹو فٹبال کلب کے تکنیکی ڈائریکٹر گراہم اسمتھ نے کلیم اللہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ تجربہ ان کی پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی میں کام آئے گا۔کلیم اللہ لیگ کے دوران امریکی کلب کو جوائن کریں گے اس لیے انھیں اس سیزن کیلیے15 نمبر کی جرسی دی جائے گی۔

مقبول خبریں