ٹیکس ہدف کا حصول دشوار؟ ایف بی آر کو چند روز میں196ارب جمع کرنا پڑیں گے

رواں مالی سال ایف بی آر کی جانب سے اب تک مجموعی طور پر115.11 ارب روپے کے ریفنڈز بھی جاری کیے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

رواں مالی سال ایف بی آر کی جانب سے اب تک مجموعی طور پر115.11 ارب روپے کے ریفنڈز بھی جاری کیے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کو رواں مالی سال کے لیے مقرہ 2605ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے 5روز میں 196ارب روپے سے زائد کی خالص ٹیکس وصولیاں کرنا ہوں گی۔

’’ایکسپریس‘‘ کو ایف بی آر سے دستیاب ٹیکس وصولیوں کے عبوری اعدادوشمار کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال میں اب تک مجموعی طور پر 2408.24 ارب روپے کی خالص ٹیکس وصولیاں کی ہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں حاصل ہونے والی 2124.61ارب روپے کی خالص ٹیکس وصولیوں سے 13.3 فیصد زیادہ ہیں، رواں مالی سال ایف بی آر کی جانب سے اب تک مجموعی طور پر115.11 ارب روپے کے ریفنڈز بھی جاری کیے گئے ہیں جو مالی سال2013-14 کے اسی عرصے میں جاری کردہ101.44 ارب روپے کے ریفنڈز سے 13.5 فیصد ہیں۔

اعدادوشمار میں مزید بتایا گیاکہ ایف بی آر نے رواں ماہ (جون) میں اب تک 200.163 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی ہیں جو گزشتہ مالی سال 2013-14کے اسی عرصے میں 171.511ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں16.7 فیصد زیادہ ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق ایف بی آر کو رواں مالی سال میں اب تک کی 2408.24 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں میں سے براہ راست ٹیکس(انکم ٹیکس) کی مد میں930.28 ارب روپے کی وصولیاں ہوئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں انکم ٹیکس کی مد میں ہونے والی 807.46رب روپے کی وصولیوں سے15.2فیصد زیادہ ہیں جبکہ ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں سے سیلز ٹیکس کی مد میں سال 2014-15میں اب تک 1034.64ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں ہوئیں جو سال2013-14 کے اسی عرصے میں سیلز ٹیکس کی 959.28ارب روپے کی وصولیوں سے 7.9فیصد زیادہ ہیں۔

اس دوران فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولیاں 16.2 فیصد کے اضافے سے 155.77ارب روپے تک پہنچ گئیں جوگزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 134.042 ارب روپے رہی تھیں، جولائی 2014 سے اب تک کسٹمز ڈیوٹی کی وصولیاں 287.56ارب روپے رہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں223.83 ارب روپے کی وصولیوں سے 28.5فیصد زیادہ ہیں۔

اعدادوشمار میں بتایا گیاکہ رواں ماہ اب تک 200.16ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں میں سے براہ راست ٹیکس(انکم ٹیکس)کی مد میں 74.38 ارب روپے جبکہ ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں سے سیلز ٹیکس کی مد میں 86.61ارب روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 16.1ارب روپے اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 23.1 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیںرواں مالی سال میں اب تک ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس دہندگان کو 115.10 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے ہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں جاری کردہ 101.44 ارب روپے کے ریفنڈز سے13.5 فیصد ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔