پاکستان سے سیریز انگلش کوچ ’جوڑ توڑ‘ میں مصروف

لیتھ کی اوپننگ پوزیشن محفوظ نہیں رہی،معین علی کے ساتھ ہالز کو آزمانے پر غور


Sports Desk September 06, 2015
بیلس پہلے ہی عندیہ دے چکے کہ اسکواڈ میں معین علی کے ساتھ عادل راشد کی صورت میں دوسرا اسپنر بھی موجود ہوگا: فوٹو: فائل

پاکستان سے اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں شیڈول سیریز کیلیے انگلش کوچ ٹریور بیلس 'جوڑ توڑ' میں مصروف ہیں، گرین کیپس سے اپنی ساکھ بچانے کی خاطر مختلف آپشنز کا باریک بینی سے جائزہ لیاجارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم ایشز سیریز جیتنے کے بعد اپنے روایتی حریف آسٹریلیا سے ون ڈے مقابلوں میں نبرد آزما ہے، مگر نئے کوچ ٹریور بیلس کا دماغ یو اے ای کے ریگستانوں میں بھٹک رہا ہے جہاں ان کی ٹیم پاکستان سے اکتوبر میں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں برسر پیکار ہوگی۔ یہ وہی مقام ہے جہاں پر چار برس قبل گرین کیپس نے اس وقت کی دنیا کی ٹاپ ٹیم کا اعزاز رکھنے والی انگلش ٹیم کا نشہ ہرن کیا تھا،اب سے ملتا جلتا نشہ ایشز فتح کی صورت میں انگلینڈ کی ٹیم کو سرور دے رہا ہے تاہم اس بار ٹریور بیلس اپنی ٹیم کی ساکھ کوایک اور داغ سے بچانا چاہتے ہیں۔

اس لیے انھوں نے ٹیسٹ اسکواڈ کی تیاری کیلیے جوڑ توڑ شروع کردیا ہے۔ آسٹریلیا سے سیریز میں اوپنر ایڈم لیتھ نے مایوس کن پرفارمنس کا مظاہرہ کیااس لیے ٹیم میں برقرار رہنا مشکل ہے، پہلے یہ خبریں آئیں کہ بیلس الیسٹر کک کے ساتھ معین علی کو یو اے ای سیریز میں بطور اوپنر کھلانے پر غور کررہے ہیں لیکن اب ان کے ساتھ الیکس ہالز کا نام بھی سامنے آگیا ہے، اب ان دونوں میں سے کوئی ایک تین برس قبل اینڈریو اسٹروس کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے اب تک الیسٹرکک کا ساتواں اوپننگ پارٹنر بنے گا۔

بیلس پہلے ہی عندیہ دے چکے کہ اسکواڈ میں معین علی کے ساتھ عادل راشد کی صورت میں دوسرا اسپنر بھی موجود ہوگا لیکن اب وہ سرے کے آل رائونڈر ظفر انصاری کو بھی بلانے پر غور کررہے ہیں، جنھوں نے گذشتہ سیزن میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، وہ لیفٹ آرم اسپنر جبکہ معین علی آف بریک اورراشد لیگ اسپن بولنگ کرتے ہیں، اس طرح انگلش ٹیم کو سلو بولنگ میں بھی مکمل ورائٹی حاصل ہوجائے گی۔

مقبول خبریں