ڈیوس کپ عقیل خان کی محنت پر سامر نے پانی پھیر دیا

پاکستان اور چائنیز تائپے کے درمیان پہلے دن ٹائی1-1سے برابر، آج ڈبلز مقابلہ ہوگا


Sports Desk September 19, 2015
پاکستان اور چائنیز تائپے کے درمیان پہلے دن ٹائی1-1سے برابر، آج ڈبلز مقابلہ ہوگا فوٹو: فائل

ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا زون ٹو فائنل ٹائی میں پاکستان اور چائنیز تائپے کے درمیان پہلے دن ٹائی1-1سے برابر ہوگئی، عقیل خان کی محنت پر سامر افتخار نے پانی پھیر دیا،قومی نمبر ون نے ابتدائی سنگلز میں سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی، نوجوان پلیئر اپنا میچ ہار گئے۔

تفصیلات کے مطابق نیوٹرل وینیو ترکی میں پاکستان اور چائنیز تائپے نے ایک، ایک فتح کے ساتھ پہلے دن کا اختتام کیا۔ ازمیر کے ہارڈ کورٹ پر پہلے سنگلز میں قومی نمبر ون کھلاڑی عقیل خان نے جوئی چن ہونگ کو 3-1 سے شکست دیکر پاکستان کو برتری دلا دی، پاکستانی پلیئر کو ابتدائی سیٹ میں سخت مقابلے کے بعد 5-7 سے شکست ہوئی لیکن اسکے بعد انھوں نے اگلے تینوں سیٹ جیت لیے، دوسرے میں وہ 6-4، تیسرے میں 6-1 اور چوتھے میں 6-4 سے کامیاب رہے۔

دوسرے سنگلز میں پاکستانی نوجوان کھلاڑی سامر افتخار کا مقابلہ عالمی رینکنگ میں 274 ویں پوزیشن پر موجود جیمی وانگ سے تھا، جنھوں نے یکطرفہ مقابلے میں 3-0 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تائپے کو برابری پر لاکھڑا کیا۔ سامر کو ابتدائی سیٹ میں 3-6 اوردوسرے میں 2-6 سے ناکامی ہوئی، تیسرے سیٹ میں انھوں نے بغیر کوئی پوائنٹ حاصل کیے ہتھیار ڈال دیے۔ ٹورنامنٹ میں ہفتے کو ڈبلز مقابلہ شیڈول ہے۔

اس میں پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل اسٹار اعصام الحق کے ساتھ نوجوان کھلاڑی عابد علی اکبر کورٹ میں اتریں گے، مقابلے کیلیے تائپے بھی سنگلز اور ریورس سنگلز میں حصہ نہ لینے والے چینگ یو اور فو وانگ کو کورٹ میں اتارے گا۔ اتوار کو دونوں ریورس سنگلز شیڈول ہیں، ڈراز کے مطابق عقیل خان کوسامر افتخار کیخلاف سنگلز کے فاتح جیمی وانگ سے مقابلہ کرنا ہوگا، سامر جوئی چن ہونگ کیخلاف ایکشن میں نظر آئیں گے۔

مقبول خبریں