رقم ڈبل کرنے سے شہرت پانے والے ڈبل شاہ کی لاہور میں پراسرار ہلاکت

ڈبل شاہ نے اربوں روپے سے بینکنگ کا متوازی نظام بنا رکھا تھا جس نے 6-2005 میں رقم ڈبل کرنے سے عالمی شہرت پائی۔


ویب ڈیسک October 30, 2015
ڈبل شاہ نے اربوں روپے سے بینکنگ کا متوازی نظام بنا رکھا تھا جس نے 6-2005 میں رقم ڈبل کرنے سے عالمی شہرت پائی۔ فوٹو:فائل

رقم ڈبل کرنے سے شہرت پانے والے سیدسبط الحسن عرف ڈبل شاہ لاہور میں پراسرار طور پر ہلاک ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈبل شاہ کے خاندان کے مطابق سیدسبط الحسن گزشتہ ایک ہفتے سے کسی کے رابطے میں نہیں تھے اور گزشتہ روز رات گئے نامعلوم شخص نے ٹیلی فون کال پر اطلاع دی کہ ڈبل شاہ عارضہ قلب کے باعث پی آئی سی میں زیرعلاج تھے اور ہرٹ اٹیک کی وجہ سے ان کی موت ہوگئی جب کہ خاندان کو کہا گیا کہ وہ ان کی لاش آکر لے جائیں۔

ڈبل شاہ کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ نیب سے ڈیل کے بعد مستقل طور پر وزیرآباد سے لاہور منتقل ہوگئے تھے اوراس سے قبل بھی انہیں 6 سے 7 مرتبہ اغوا کیا گیا تھا اور یہی خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ اب بھی انہیں گرفتار ہی کیا گیا ہے لیکن ان کی ہلاکت کی اطلاع آئی ہے تاہم ان کی تدفین وزیرآباد کے گاؤں کالوکی میں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اربوں روپے کے لین دین میں ملوث ڈبل شاہ نے بینکنگ کا متوازی نظام بنا رکھا تھا جس نے 6-2005 میں رقم ڈبل کرنے سے عالمی شہرت پائی جسے اسٹیٹ بینک کی رپورٹ پر 13 اپریل 2007 کو نیب نے اپنی تحویل میں لیا۔

مقبول خبریں