سفید کٹ پنک گیند فلڈ لائٹس ٹیسٹ کرکٹ آج اپنا رنگ بدلے گی

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ 5روزہ میچ کو فتح سے رنگین بنانے کیلیے بیتاب، شائقین بھی پرُجوش


Sports Desk November 27, 2015
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ 5روزہ میچ کو فتح سے رنگین بنانے کیلیے بیتاب، شائقین بھی پرُجوش۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ کے درمیان تاریخ کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ جمعے سے ایڈیلیڈ میں شروع ہورہا ہے، گلابی گیند، فلڈ لائٹس اور سفید کٹ کے ساتھ پانچ روزہ کرکٹ کی نئی تاریخ رقم ہوگی، پلیئرز، شائقین اور ان سے بڑھ کر منتظمین کھیل کو نئی کروٹ بدلتا دیکھنے کیلیے کافی بے چین ہیں۔

کینگروز اور کیویز بھی اس یادگار موقع کو اپنی کامیابی سے رنگین بنانے کیلیے بیتاب ہیں، تیسرا ٹیسٹ ڈرا ہونے سے بھی سیریز میزبان سائیڈ کے نام ہوگی، اس کی جانب سے ٹیم میں کم سے کم دو تبدیلیاں متوقع ہیں، شان مارش اور پیٹرسڈل میدان سنبھالیں گے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کو سیریز بچانے کیلیے لازمی فتح درکار ہے، ایڈیلیڈ اوول کی پچ پر معمول سے زیادہ گھاس بیٹسمینوں کیلیے پریشانی کا باعث ثابت ہوسکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کی مقبولیت میں اضافے کیلیے کافی عرصے سے اس فارمیٹ کو بھی ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 کی طرح رات کو مصنوعی روشنیوں میں کھیلنے کی تجویز موجود تھی جسے اب ایڈیلیڈ میں عملی جامہ پہنایا جارہا ہے، سینئر فارمیٹ کی 138 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب مقابلہ سرخ گیند سے نہیں ہوگا۔

تاریخ کا پہلا ٹیسٹ ٹائم لیس، 4 گیندوں کے اوور اور سرخ بال کے ساتھ کھیلا گیا تھا اور 2188 واں ٹیسٹ پانچ دنوں، 6 گیندوں کے اوور اورپنک گیند کے ساتھ کھیلا جارہا ہے۔ گلابی گیند کے حوالے سے کافی تحفظات پائے جاتے ہیں، اس کی ساخت اور رنگ کی پائیداری پر سوال اٹھے ہیں، سیم اور سوئنگ ہونے کا علم نہیں اور خاص طور پر یہ کہ کھلاڑیوں کیلیے اسے مصنوعی روشنیوں میں دیکھ پانا کتنا آسان ہوگا؟ ان سب سوالوں کا اب جواب مل جائے گا۔ آسٹریلیا کی جانب سے دو تبدیلیاں ہونگی، ریٹائرڈ جونسن کی جگہ پیٹرسڈل اور انجرڈ عثمان خواجہ کی جگہ شان مارش کو میدان میں اتارا جائے گا، اس کیلیے کپتان اسٹیون اسمتھ کو پھر سے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنا پڑے گی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے پلیئنگ الیون میں ردوبدل کا امکان کم ہے۔ گیند کی ساخت کو جلد خراب ہونے سے بچانے کیلیے وکٹ پر گھاس چھوڑی گئی ہے جس سے بولرز زیادہ فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

مقبول خبریں