ورلڈ ٹی ٹوئنٹی آئی سی سی نے خزانے کے منہ کھول دیئے

انعامی رقم میں 86 فیصد اضافہ کردیاگیا، مجموعی طورپر 56 لاکھ ڈالر تقسیم ہوں گے


Sports Desk December 12, 2015
انعامی رقم میں 86 فیصد اضافہ کردیاگیا، مجموعی طورپر 56 لاکھ ڈالر تقسیم ہوں گے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: آئی سی سی نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے خزانے کے منہ کھول دیے، انعامی رقم میں 86فیصد اضافہ کردیاگیا ہے،بھارت میں آئندہ سال شیڈول میگا ایونٹ میں 56لاکھ ڈالر تقسیم ہوں گے،ویمنز ٹیموں کو بھی 122فیصد اضافے سے 4لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی انعامی رقم میں اضافہ کردیاگیا،بھارت میں آئندہ سال مارچ میں شیڈول میگا ایونٹ کیلیے سری لنکا میں 2014میں ہونے والے ٹورنامنٹ کی بانسبت 86فیصد زیادہ رقم رکھی گئی ہے،اس بار فاتح اور رنرز اپ سمیت مختلف ٹیموں و نمایاں کارکردگی دکھانے والے پلیئرز میں مجموعی طور پر56لاکھ ڈالر تقسیم ہوں گے، ویمنز ایونٹ کیلیے انعامی رقم میں بھی 122فیصد اضافہ کردیا گیا ہے، بھارت میں برتری کی جنگ لڑنے والی ٹیموں کو 4لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کا کہنا ہے کہ ورلڈٹی ٹوئنٹی میں ایسوسی ایٹ اور الحاق رکھنے والے ممبرز سمیت مختلف ملکوں کے بہترین کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع مل رہا ہے، کوالیفائنگ مرحلے میں آگے آنے والی ٹیموںکو ٹاپ سائیڈز کے ساتھ کھیل کر اپنی صلاحیتیں نکھارنے میں مدد ملے گی۔

بی سی سی آئی کے صدر ششانک منوہر نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ کرکٹ کی دیوانگی کیلیے مشہور بھارت میں ایک یادگار ایونٹ کا انعقاد ہوگا، دنیا بھر کے شائقین کو بھرپور تفریح حاصل ہوگی۔بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ بطور میزبان میگا ایونٹ کے بہترین انتظامات کیلیے پوری طرح تیار ہیں،یہاں میچز سے شائقین ہی نہیں شریک ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز بھی لطف اندوز ہونگے۔

مقبول خبریں