تنازعات میں ڈوبتے گیل کو شائقین کا سہارا مل گیا

گرائونڈ میں40ہزارافراد نے والہانہ استقبال کیا،ویمن کرکٹرزکومشوروں سے بھی نوازا


Sports Desk January 10, 2016
گرائونڈ میں40ہزارافراد نے والہانہ استقبال کیا،ویمن کرکٹرزکومشوروں سے بھی نوازا ۔ فوٹو : فائل

لاہور: تنازعات میں ڈوبتے کرس گیل کو شائقین کا سہارا مل گیا، بگ بیش میچ میں ویسٹ انڈین سپر اسٹار کا 40 ہزار کے کرائوڈ نے والہانہ استقبال کیا، اوپنر نے رینیگیڈز کی ویمن کھلاڑیوں کو اپنے زریں مشوروں سے مستفید کیا۔

تفصیلات کے مطابق بگ بیش میں خاتون رپورٹر سے انٹرویو میں ''پیار بھری'' باتیں کرنے کے بعد نہ صرف گیل کو 10 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا بھگتنا پڑی بلکہ ان پر بگ بیش کے دروازے ہی ہمیشہ کیلیے بند کرنے کا مطالبہ سامنے آنے لگا، بعض نے تو گیل پر دنیا بھر میں لیگ کرکٹ کھیلنے پر پابندی کا مشورہ بھی دے دیا مگر شائقین کی ان سے محبت کم ہونے کے بجائے زیادہ بڑھ گئی ہے۔

گذشتہ روز گیل جب مقامی حریف سائیڈ میلبورن اسٹارز کے خلاف میدان میں اترے تو ایم سی جی میں موجود 40 ہزار سے زائد تماشائیوں نے والہانہ استقبال کیا، اس میں اسٹارز کے شائقین بھی شامل تھے۔

جب پہلی ہی گیند پر وہ کیچ ہونے سے بال بال بچے تو شائقین کی جانب سے سکھ کی سانس صاف محسوس کی گئی، انھوں نے اس مقابلے میں 21 بالز پر اتنے ہی رنز بنائے تھے۔

شائقین نے گیل سے آٹو گراف بھی لیے۔ اسی میچ کو دیکھنے کیلیے اپنے 8 سالہ بیٹے کے ساتھ آنے والے شین ایلسوپ نے کہا کہ گیل پر 10 ہزار ڈالر جرمانہ بھی بہت ظالمانہ جبکہ پابندی کا مطالبہ مضحکہ خیر ہے، یہ درست ہے کہ جب لوگ آپ کا انٹرویو لے رہے ہوں تو ان کا احترام کرنا چاہیے مگر یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ گیل یہاں پر آپ کی تفریح کیلیے موجود ہیں۔ اس سے قبل گیل نے ویمنز بگ بیش میں شریک رینگیڈز کی کھلاڑیوں سے بھی گپ شپ کی اور مشوروں سے نوازا۔

مقبول خبریں