کراچی میں القاعدہ برصغیر کی بنیاد رکھی، گرفتار ملزم کا انکشاف

کاشف ہاشمی  ہفتہ 16 جنوری 2016
سعید اﷲ کی گرفتاری سے القاعدہ برصغیر کی کمر ٹوٹ گئی، برین واشنگ کرتا تھا، ایس ایس پی ۔ فوٹو: فائل

سعید اﷲ کی گرفتاری سے القاعدہ برصغیر کی کمر ٹوٹ گئی، برین واشنگ کرتا تھا، ایس ایس پی ۔ فوٹو: فائل

 کراچی: سی ٹی ڈیII کے ہاتھوں چند ماہ قبل گرفتار دہشت گرد نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ القاعدہ برصغیرکی بنیادرکھی، ملزم برین واش کرنے کا ماہر ہے ، ملزم نے افغانستان میں عسکری تربیت حاصل کی تھی ، ملزم سے کی گئی تفتیش ایکسپریس نے حاصل کر لی۔

گرفتار ملزم حافظ سعیداﷲ برمی عرف رضوان ملاعرف چھوٹی دنیا کورنگی نمبر ایک ضیا کالونی کا رہائشی اور غیر شادی ہے، ملزم کوکاؤنٹر ٹیرارزمIIسعودآبادنے کورنگی سے7 اکتوبر 2015 کوگرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور2 دستی بم برآمدکرنے کا دعویٰ کیا تھا، ملزم کے خلاف سی ٹی ڈی گارڈن میںایکسپلوزو ایکٹ اوردہشت گردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر نمبر 297/15 درج کی گئی تھی۔

سی ٹی ڈیIIکے ایس ایس پی جنیدشیخ نے ایکسپریس کوبتایا کہ گرفتارملزم سعید اﷲ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے خلاف شہریوں کو جہاد کے لیے ورغلاتا تھا اور اشتعال انگیزپمفلٹ تقسیم کرتا تھا، گرفتار ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ کورنگی ضیا کالونی میںہی پیدا ہوا تھا اور اسی علاقے میں واقعے مدرسہ محات ابی زراسلامی سے حافظ قرآن اور ناظرہ کے تعلیم حاصل کی تھی بعد ازاں اسی مدرسے میں بچوں کو دینی تعلیم دینا شروع کردی تھی۔

ملزم نے انکشاف کیا کہ مدرسے میںاس کی محمد ناصر، زبیر اور عبد الغنی سے ملاقات ہوئی تھی، کافی دنوں تک ایک دوسرے سے ملاقات کا سلسلہ جاری رہا اور باہمی مشاورت کے بعد ملزم نے عبد الغنی کی سربراہی میںالقاعدہ برصغیرپاکستان کی بنیاد رکھی اور35 افراد پر مشتمل اپنا گروپ بنا لیا ، گروپ کا کام تھا کہ لوگوں کو جہاد کی لیے تیار کرنا اور شہر میں پمفلٹ تقسیم کرنا ، ملزم نے بتایا کہ سال 2012 میں وہ اپنے گروپ کے امیرعبدالغنی کے کہنے پرکوئٹہ سے آگے جنگل بارڈر کے علاقے سے گزرتا ہوا افغانستان کے صوبیہلمند پہنچا جہاں سے اسے برمچہ کیمپ میں لے جایا گیا۔

ملزم نے انکشاف کیاکہ برمچہ عسکری کیمپ کے سربراہ جواد بھائی کواس نے اپنے امیرعبد الغنی کاخط دیا بعد ازاں اسے جواد بھائی کی سربراہی میںہرقسم کی لڑائی کے گرسکھائے گئے جبکہ چھوٹے بڑے ہتھیاروںسے حملہ کرنے کی40 دن کی تربیت دی گئی، تربیت حاصل کرنے کے بعدوہ واپس کراچی آگیا۔

ایس ایس پی جنید شیخ نے دعویٰ کیاکہ گرفتار ملزم سعید اﷲ کورنگی، عوامی کالونی، زمان ٹاؤن، ابراہیم حیدری اورکورنگی صنعتی ایریا تھانوں کی پولیس موبائلوںپرحملوںمیں براہ راست ملوث ہے، ملزم نے ہلمند کے برمچہ کیمپ میںبرین واش کرنے کی تربیت حاصل کی تھی اوراب وہ کراچی میں اپنے دیگر ساتھیوںکوبھی برین واشنگ کی تربیت دیتا تھا۔ ایس ایس پی جنیدشیخ کاکہناتھاکہ ملزم سعید اﷲ کی گرفتاری سے القاعدہ برصغیر پاکستان کی کمر ٹوٹ گئی ملزم کی گرفتاری کے بعد اس کے متعدد ساتھی افغانستان فرار ہوگئے جس کے بارے میں وزارت داخلہ کو اطلاع کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔