فکسنگ کے چھینٹے اجلی ٹیسٹ شرٹس پر نمایاں ہونے لگے

جنوبی افریقہ کے 2 ’حاضر سروس‘ کرکٹرز کو بھی شامل تفتیش کرنے کا انکشاف


Sports Desk January 17, 2016
جنوبی افریقہ کے 2 ’حاضر سروس‘ کرکٹرز کو بھی شامل تفتیش کرنے کا انکشاف فوٹو: اے ایف پی/فائل

جنوبی افریقہ میں فکسنگ کے چھینٹے اجلی ٹیسٹ شرٹس پر نمایاں ہونے لگے، 2 'حاضر سروس' ٹیسٹ کرکٹرز کو بھی شامل تفتیش کرنے کا انکشاف ہوا ہے، دونوں انگلینڈ کے خلاف جاری رواں سیریز کا حصہ نہیں مگر کھیل سے منسلک ہیں، کئی چھوٹے درجے کے پلیئرز بھی گرفت میں آسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے گذشتہ ماہ ایک کھلاڑی کو اپنی ٹوئنٹی 20 لیگ میں فکسنگ کی کوشش، دیگرپلیئرز کو اس پر اکسانے یا میچز پر اثر انداز ہونے کے الزامات کے تحت معطل کردیا تھا، انکی شناخت بعد میں غلام بودی کے نام سے ہوئی تھی، جنھوں نے 2007 میں جنوبی افریقہ کے لیے 2ون ڈے انٹرنیشنلز اور ایک ٹوئنٹی 20 میچ کھیلا تھا، اب انکشاف ہواکہ اس معاملے کی تحقیقات کرنے والوں نے 2 ٹیسٹ کرکٹرز کو بھی شامل تفتیش کرلیا ہے۔

ان میں دونوں میں سے کوئی بھی انگلینڈ کیخلاف جاری سیریز میں میزبان سائیڈ کا حصہ نہیں مگر بدستور انٹرنیشنل کرکٹ میں سرگرم ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیاکہ یہ دونوں نام غلام بودی کے مقابلے میں کہیں بڑے ہیں،ان کے منظر عام سے طوفان برپا ہوسکتا ہے، اگر یہ واقعی کرپشن جیسی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے تو یہ پروٹیز کرکٹ ایک بار پھر رسوائیوں اور بدنامیوں کی گہری دلدل میں غرق ہوجائیگی جس کا اسے 16 برس قبل ہنسی کرونیے کیس میں سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس لیے موجودہ اسکینڈل کو بھی ماضی کی شرمناک داستان کے برابر ہی قرار دیا جارہا ہے۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بہت سے غیر تجربہ کار کھلاڑی بھی اس معاملے میں ملوث پائے گئے ہیں، یا تو انھوں نے اس سے فائدہ اٹھانا چاہا یا پھر معاملے کی رپورٹ کرنے کے بجائے خاموش رہنے کو ترجیح دی۔ ذرائع کہتے ہیں کہ زیادہ تر ایسے نوجوانوں سے فکسنگ رابطے کیے گئے جنھیں خود بھی اس کھیل میں اپنے مستقبل کا یقین نہ ہو، انھیں بڑی رقوم کی لالچ دی گئیں۔

مقبول خبریں